منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا اور اسرائیل ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہیں، ایران

قومی خبریں

تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل پر ریاستی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایرانی عہدیداروں کے قتل، عام شہریوں پر حملوں اور گمراہ کن اطلاعات پھیلانے کی منظم مہم میں ملوث ہیں، ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ جھوٹے الزامات اور پروپیگنڈے کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد مغربی ممالک میں ایران کو ایک خطرہ بنا کر پیش کرنا اور جنگ کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے علاوہ گمراہ کن اطلاعات کی مہم بھی چلا رہے ہیں، اس مہم کے ذریعے مغربی ممالک کے عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ایران عام شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، حالانکہ ایران کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کے پس پردہ سیاسی اور عسکری مقاصد کارفرما ہیں۔

اسماعیل بقائی نے فرانس میں سامنے آنے والے نام نہاد ریفریجریٹر واقعات اور امریکی عہدیداروں کے قتل کی مبینہ ایرانی سازشوں سے متعلق خبروں کو بھی اسی اطلاعاتی مہم کا حصہ قرار دیا،ایسے واقعات کو ایران سے منسلک کرکے پیش کرنے کا مقصد تہران کے خلاف خوف اور بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل ان اطلاعات کے ذریعے امریکی اور یورپی عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے تاکہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں مزید شدت لانے اور فوجی کارروائیوں کو وسعت دینے کے لیے سیاسی حمایت حاصل کی جاسکے، یہ مہم ایسے وقت میں تیز کی جا رہی ہے جب امریکا اور یورپ میں جنگ کی مخالفت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوامی سطح پر فوجی تصادم ختم کرنے کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف امریکی عہدیدار جنگ میں کامیابی اور فتح کے دعوے کرتے ہیں، لیکن دوسری جانب وہ خود فوجی پناہ گاہوں میں منتقل ہو رہے ہیں، یہ طرز عمل امریکی حکام کے بیانات اور عملی اقدامات کے درمیان تضاد ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی حکام ایسے اقدامات کے ذریعے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے اور جنگ کے حوالے سے اپنے مؤقف کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایرانی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے مخالفین کو شکست دینے کے لیے ان جیسے طریقے اختیار کرنے کا محتاج نہیں اور نہ ہی وہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، ایران کے خلاف الزامات اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عالمی سطح پر ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں اور اطلاعاتی مہم کو ایک دوسرے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا کیونکہ ان دونوں کا مقصد تہران پر دباؤ بڑھانا اور اسے عالمی سطح پر تنہا کرنا ہے۔

دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی ترجمان کے ان الزامات پر ردعمل کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ امریکی عہدیداروں کے قتل کی سازشوں اور فرانس میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق ایرانی مؤقف کی آزادانہ تصدیق بھی ان بیانات سے نہیں ہوتی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت