جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت جاری، خان یونس کے اسپتال پر بمباری، 6 فلسطینی شہید

غزہ: جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فورسز نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ناصر اسپتال کو شدید بمباری کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید اور کم از کم 20 زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک سرجن اور کم عمر لڑکا بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے حملے کا جواز پیش کرتے ہوئے اسپتال میں حماس کے کمانڈروں کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے، اس حملے میں نشانہ بنائے گئے حماس کمانڈر محفوظ رہے۔
اسرائیلی فوج اور داخلی سلامتی کے ادارے شین بیت نے حملے میں شہید ہونے والے 3 افراد کی شناخت بھی جاری کی ہے، ان میں مراد توفیق محمود ابو زریفہ شامل تھے، جنہیں حماس کے انجینئرنگ یونٹ کا کمانڈر قرار دیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ وہ 7 اکتوبر کے حملے کے دوران اسرائیلی خاتون عدینہ موشے کو اغوا کرکے غزہ منتقل کرنے میں شریک تھے۔
اسرائیلی بیان کے مطابق حملے میں خالد اسامہ ابو عنزہ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جنہیں حماس کے عسکری شعبے میں مواصلات کے شعبے کا سربراہ بتایا گیا ہے جبکہ تیسرے شخص محمد نافذ ابو عواد کا تعلق حماس کی نخبا فورس سے قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب غزہ کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور کم از کم 20 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں طبی عملے سے تعلق رکھنے والا ایک سرجن اور ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔ اسپتال پر حملے کے بعد طبی عملے اور مریضوں کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ حملے سے قبل اسپتال میں مبینہ عسکری سرگرمیاں روکنے کے لیے متعدد مرتبہ انتباہ جاری کیا گیا تھا،اسپتال حکام اور طبی عملے نے حملے کے نتیجے میں شہریوں اور طبی کارکنوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے طبی مراکز اور وہاں موجود مریضوں کی حفاظت سے متعلق خدشات اجاگر کیے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں اور فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات مسلسل سامنے آرہی ہیں۔ فلسطینی عوام پہلے ہی طویل جنگ، تباہ شدہ گھروں، خوراک اور ادویات کی قلت، بے گھر ہونے اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں اسپتالوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنائے جانے سے زخمیوں اور بیماروں کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔
فلسطینیوں کے خلاف جاری حملوں پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی اور مؤثر اقدامات نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ جنگ بندی کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور خونریزی روکنا تھا، لیکن حملوں کا تسلسل اس مقصد کو متاثر کر رہا ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے فلسطینی شہریوں، طبی عملے اور اسپتالوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت