پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سعودی عرب میں اہم عسکری تقرریاں، شاہ سلمان کا شاہی فرمان جاری

قومی خبریں
سعودی عرب میں اہم عسکری تقرریاں، شاہ سلمان کا شاہی فرمان جاری

ریاض: خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں اہم عسکری تقرریوں سے متعلق شاہی فرمان جاری کردیا۔

شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد السلمان کو وزیر دفاع کا عسکری امور کا مشیر مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ جنرل فیاض بن حامد الرویلی کو کمانڈر جوائنٹ فورسز کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد بن عبدالعزیز السلمان وزیر دفاع کے عسکری امور کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

فرمان کے تحت جنرل فیاض بن حامد بن رقّاد الرویلی، جو اس وقت سعودی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہیں، کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ کمانڈر جوائنٹ فورسز کے فرائض بھی سونپ دیے گئے ہیں۔

شاہی فرمان کے مطابق یہ تقرریاں وزیر دفاع کی سفارش پر کی گئی ہیں، جبکہ وزیر دفاع کو احکامات پر عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے

بشکریہ روزنامہ جسارت