پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایم کیو ایم کا وزیراعلیٰ سندھ سے ایک بار پھر مستعفی ہونے کا مطالبہ

قومی خبریں
ایم کیو ایم کا وزیراعلیٰ سندھ سے ایک بار پھر مستعفی ہونے کا مطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی انتظامی اور مالیاتی کارکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے ان سے فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مراد علی شاہ گزشتہ 10 سال سے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، لیکن اس طویل عرصے کے باوجود وہ انتظامی معاملات اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔

ترجمان نے سندھ میں تعلیم اور بچوں کی صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کی مسلسل حکمرانی اور حکومتی بے حسی کے باعث اندرون سندھ کے 48 فیصد بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر ہورہی ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں 44 فیصد تک بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔

ایم کیو ایم کے بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اپریل 2026 تک سندھ میں 6 ہزار بچے ایچ آئی وی اور ایڈز سے متاثر ہوچکے ہیں، جو صوبائی حکومت کی ناقص حکمت عملی اور صحت کے شعبے میں عدم توجہی کا نتیجہ ہے۔

کراچی میں پانی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر الزام لگایا کہ شہر کی پانی کی لائنوں سے پانی چوری کرکے اسے ٹینکرز کے ذریعے شہریوں کو فروخت کیا جاتا ہے، جس کے باعث کراچی کے عوام کو بنیادی ضرورت کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

بیان میں نئے صوبوں کے قیام کی تحریک کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اس تحریک کی مخالفت میں ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ترجمان کے مطابق نئے صوبوں کی تشکیل سے پیپلز پارٹی کو سالانہ سوا 2 ہزار ارب روپے کے مالی وسائل سے محرومی کا خدشہ ہے، جبکہ وفاقی حکومت میں دوبارہ اقتدار حاصل نہ کرنے کا خوف بھی اس کی مخالفت کی ایک وجہ ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مصطفیٰ کمال کے خلاف مبینہ سازشیں اور منفی پروپیگنڈا انہیں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا مخالفت کے باوجود مصطفیٰ کمال اس مؤقف پر قائم رہیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بیان میں سندھ حکومت کی مجموعی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ دہرایا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت