مکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ چارٹرکی خلاف ورزی نہیں کرتا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مشترکہ مکہ دفاعی معاہدہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا آرٹیکل 51 انفرادی اور اجتماعی دفاع کی اجازت دیتا ہے، معاہدے کا بنیادی اصول ہے کہ ایک ملک پر حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔یہ بات انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھاکہ علاقائی سلامتی کے لیے خطے کا اپنا سیکیورٹی نظام اور آرکیٹیکچر ہونا چاہیے، خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سیکیورٹی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر 7 اگست کو دستخط ہوئے، معاہدے کا افتتاحی اجلاس 31 اگست کو استنبول میں منعقد ہوا تھا، تینوں ممالک کا مشترکہ دفاعی معاہدہ اپنے دفاع کے اصول پر مبنی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا آرٹیکل 51 انفرادی اور اجتماعی دفاع کی اجازت دیتا ہے، معاہدے کا بنیادی اصول ہے کہ ایک ملک پر حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مکہ معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی کو فروغ دینا ہے، یہ تصور نہیں کیا جانا چاہیے کہ تینوں ممالک دوسرے ممالک کے ساتھ محاذ آرائی چاہتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت