واٹس ایپ اسٹیٹس کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیا فیچر متعارف

میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ اپنے اسٹیٹس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہی ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی تصویر یا ویڈیو کے بغیر بھی اپنی موجودہ جگہ کی تفصیلات براہ راست اسٹیٹس پر شیئر کرسکیں گے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اس وقت واٹس ایپ پر اسٹیٹس کے ذریعے مقام کی نشاندہی کرنے کے لیے صارفین کو پہلے کوئی تصویر یا ویڈیو منتخب کرنا پڑتی ہے، جس کے بعد اس پر مقام کا اسٹیکر لگاکر اسے شیئر کیا جاسکتا ہے۔ اس طریقہ کار میں ہر بار مقام کی تفصیلات ظاہر کرنے کے لیے پس منظر میں تصویر یا ویڈیو کا ہونا ضروری ہے۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تاہم مجوزہ نئے فیچر کے ذریعے اس طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں براہ راست مقام شیئر کرنے کا نیا اختیار متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کے بعد صارفین بغیر کسی اضافی تصویر کے اپنی لوکیشن اسٹیٹس پر شائع کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس سہولت کی آزمائش فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے آزمائشی نسخے میں جاری ہے۔ اس فیچر کے تحت ایپلی کیشن کے اپ ڈیٹس والے حصے میں مقام کے نام سے ایک نیا اختیار دکھائی دے گا، جسے منتخب کرنے پر صارفین کو اپنی جگہ کی تفصیلات شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔
اس اختیار کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو واٹس ایپ تک اپنے آلے کے مقام تک رسائی کی اجازت دینا ہوگی۔ اجازت ملنے کے بعد ایپلی کیشن خودکار طور پر صارف کی موجودہ جگہ کی نشاندہی کرے گی، تاہم اسے اسٹیٹس پر شائع کرنے سے پہلے صارف کی منظوری حاصل کی جائے گی۔
نئے فیچر کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ صارفین صرف اپنی موجودہ جگہ تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ اپنی مرضی سے کسی دوسری جگہ کا انتخاب کرکے اس کی تفصیلات بھی اسٹیٹس کے ذریعے دوسروں تک پہنچا سکیں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وہ صارفین جو اپنی بالکل درست جگہ ظاہر نہیں کرنا چاہتے، ان کے لیے بھی سہولت رکھی گئی ہے۔ ایسے افراد اپنے موبائل فون کی ترتیبات میں جاکر اندازاً مقام تک رسائی کی اجازت دے سکیں گے، جس سے ان کی درست جغرافیائی جگہ ظاہر کیے بغیر مقام کی عمومی معلومات شیئر کرنا ممکن ہوگا۔
موجودہ طریقہ کار کے برعکس نئے فیچر میں مقام کی تفصیلات کسی تصویر پر چسپاں کیے گئے اسٹیکر کی صورت میں ظاہر نہیں ہوں گی بلکہ اسٹیٹس دیکھنے والے افراد کو نقشے پر سبز نشان کے ساتھ ایک کارڈ دکھائی دے گا، جس کے ذریعے مقام کی معلومات دیکھی جاسکیں گی۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ اسٹیٹس کے ذریعے صارفین تصاویر، ویڈیوز اور تحریری پیغامات اپنے رابطوں کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں، جو 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہوجاتے ہیں۔ نئے مقام شیئر کرنے کے فیچر کا مقصد اس سہولت کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور صرف بیٹا نسخہ استعمال کرنے والے بعض اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی، اس لیے عام صارفین تک اس کی رسائی کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت