غزہ: اسرائیلی فوج کے فضائی اور ڈرون حملوں، 3 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری، فضائی اور ڈرون حملوں میں مزید 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جنوبی غزہ میں تجارتی سامان کی نگرانی کرنے والی چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، جہاں تازہ فضائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعات اتوار 15 نومبر 2026 کو پیش آئے، جن کی تفصیلات پیر 16 نومبر کو سامنے آئیں۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں رفح کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ ایک اور شہری گزشتہ حملے میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں مسجد معاویہ کے قریب ایک مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں احمد سعید فتحی عابدین اور معتز حاجی ہلاک ہوگئے، جبکہ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب غزہ کی گزرگاہوں سے متعلق ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والا مقام وزارتِ معیشت کی ایک چوکی تھی، جہاں کرم ابو سالم سرحدی گزرگاہ کے راستے غزہ پہنچنے والے تجارتی سامان سے لدے ٹرکوں کی نگرانی کی جاتی تھی۔
اہلکار کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے 34 سالہ احمد سعید عابدین بھی اسی چوکی پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ حملے کے نتیجے میں وہاں موجود دیگر افراد بھی متاثر ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی اور زمینی کارروائیوں کی اطلاعات مسلسل سامنے آرہی ہیں، جس کے باعث فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت