پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مولانا نذر الرحمن انتقال کرگئے

قومی خبریں
تبلیغی جماعت پاکستان کے امیر مولانا نذر الرحمن انتقال کرگئے

رائیونڈ: تبلیغی جماعت پاکستان کے مرکزی امیر، معروف عالم دین اور شیخ الحدیث مولانا نذر الرحمن انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے دینی حلقوں اور تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد میں غم کی فضا پھیل گئی۔ مرحوم کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب رائیونڈ مرکز لاہور میں ادا کی جائے گی۔

مولانا نذر الرحمن 1926ء میں ضلع راولپنڈی کے گاؤں بلاوال میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد حافظ غلام محی الدینؒ، پیر مہر علی شاہؒ کے مخلص مرید تھے۔ مولانا نذر الرحمن نے ابتدائی دینی تعلیم مولانا عبدالخالق صاحب سے حاصل کی، 1950ء سے 1955ء تک اپنے آبائی علاقے بلاوال کی مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیتے رہے۔

انہوں نے بعد ازاں ٹیکسلا، دھوک حسو اور راولپنڈی کی زکریا مسجد میں تقریباً 10 سال تک دینی خدمات انجام دیں، جس کے بعد مستقل طور پر رائیونڈ مرکز سے وابستہ ہوگئے۔ وہ پاکستان میں تبلیغی جماعت کے ابتدائی 20 ساتھیوں میں شامل تھے اور اپنی پوری زندگی دعوت و تبلیغ اور دینی تعلیم کے لیے وقف کیے رکھی۔

تبلیغی جماعت کے سابق امیر حاجی عبدالوہابؒ نے 17 نومبر 2015ء کو اپنی وصیت میں مولانا نذر الرحمن کو اپنا جانشین نامزد کیا تھا۔ 20 نومبر 2018ء کو حاجی عبدالوہابؒ کے انتقال کے بعد مولانا نذر الرحمن نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور اسی روز تبلیغی جماعت پاکستان کے مرکزی امیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

مولانا نذر الرحمن کو بخاری شریف کے استاد، امام التصوف اور استاذ العلماء کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ دینی تعلیم و تدریس کے میدان میں ان کی خدمات نمایاں رہیں۔ عمر کے آخری حصے تک قرآن کریم سے ان کا تعلق اور دینی مصروفیات برقرار رہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ لوگوں کو قرآن و سنت کی تعلیم دینے، کلمہ و نماز کی دعوت پہنچانے اور انہیں دین سے جوڑنے میں گزارا۔

ان کی دینی و تبلیغی خدمات کے باعث ملک بھر میں ان سے عقیدت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ان کے انتقال کو تبلیغی جماعت اور دینی حلقوں کے لیے ایک اہم نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

مرحوم کے اہل خانہ، متعلقین اور تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

بشکریہ روزنامہ جسارت