کے فور منصوبے کو جلد مکمل کرکے کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنایا جائے: منعم ظفر خان

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کو درپیش پانی کے بحران، ٹریفک کی مشکلات اور بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ طور پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہاؤس میں وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کراچی کے اہم شہری مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور شہر کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سیف الدین، رکن سندھ اسمبلی فرحان فاروق، مسلم پرویز اور رانا انور بھی موجود تھے۔
منعم ظفر خان نے شہر میں پانی کی قلت اور کے فور منصوبے کی تکمیل کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو جلد مکمل کرکے کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کیونکہ شہر کو درپیش پانی کا بحران فوری توجہ اور ٹھوس اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے گرین لائن منصوبے کی تکمیل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے نیشنل ہائی وے اور ناردرن بائی پاس کی خستہ صورتحال اور ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کی جانب بھی توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اہم شاہراہوں کی بہتری اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
منعم ظفر خان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت