مجھے انصاف دیں، برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے: عمران خان کا چیف جسٹس کو خط

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام خط تحریر کرتے ہوئے اپنی صحت، جیل میں قید کے حالات اور بنیادی حقوق سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان تک پہنچائے گئے اس خط کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ عمران خان کی ہدایت پر تحریر کیا گیا ہے۔ خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں نے انہیں دماغ میں خون بہنے اور دل کا دورہ پڑنے کے خطرات سے آگاہ کیا ہے جبکہ 10 نومبر کو ان کا فشار خون 193 تک پہنچ گیا تھا۔
عمران خان نے خط میں جیل میں گزارے جانے والے وقت اور تنہائی کی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 2 سال سے زائد عرصے سے روزانہ 22 گھنٹے تنہا رکھا جا رہا ہے۔ اس عرصے میں ایک سال کے دوران صرف 4 مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ جیل انتظامیہ اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کر رہی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اہلخانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں، جبکہ ان کے بیٹوں کو ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ طویل تنہائی اور انسانی رابطے سے محرومی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قید کا معاملہ بھی خط میں اٹھایا اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بھی تنہائی میں رکھا گیا ہے، بشریٰ بی بی کی بینائی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور پردۂ چشم الگ ہونے کے باوجود انہیں مناسب طبی سہولیات اور علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔
عمران خان نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
خط میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی آواز جیل کی دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے یہ تحریر کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق 70 سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی ایک غیر معمولی مہم شروع کی گئی اور انہیں سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے القادر اپیل کا ذکر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسے دیگر پرانی اپیلوں کے مقابلے میں ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ ان کی صحت اور بنیادی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ وہ کسی خصوصی رعایت کے خواہاں نہیں بلکہ صرف عدالتی احکامات پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔
خط کے اختتام پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر وہ زندہ رہے تو اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں گے، اس لیے انہیں انصاف فراہم کیا جائے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا خط تاحال چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول نہیں ہوا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت