پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

این سی سی آئی اے کے آپریشن پر سوالات، قانونی آئی ٹی کمپنیاں پریشان، غیر قانونی نیٹ ورکس کی تحقیقات کیوں نہیں؟

قومی خبریں
این سی سی آئی اے کے آپریشن پر سوالات، قانونی آئی ٹی کمپنیاں پریشان، غیر قانونی نیٹ ورکس کی تحقیقات کیوں نہیں؟

پاکستان میں سائبر جرائم کے خاتمے اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے شروع کیے گئے گرینڈ آپریشن نے اب ملک کی قانونی آئی ٹی صنعت کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ کارروائیوں کے طریقہ کار اور ادارے کی تکنیکی تیاری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ آیا اس مہم کے ذریعے حقیقی معنوں میں سائبر جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا جارہا ہے یا ناقص حکمت عملی کے باعث قانونی کاروبار بھی مشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔

پاکستان کی اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی صنعت پہلے ہی عالمی منڈی میں اپنی جگہ مستحکم کرنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ ایسے میں گزشتہ برس ملکی آئی ٹی برآمدات تقریباً ساڑھے 4 ارب ڈالر تک پہنچنے کے دعوے اور آئندہ 4 برس میں اس شعبے کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کے تناظر میں این سی سی آئی اے کی کارروائیوں نے کاروباری حلقوں میں بے یقینی پیدا کردی ہے۔

بنیادی سوال یہ ہے کہ جس صنعت سے ملک کو اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے، اس کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعلقہ ادارے کے پاس کتنی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی صلاحیت موجود ہے؟

این سی سی آئی اے کے قیام کے وقت یہ توقع کی جارہی تھی کہ سائبر جرائم کی پیچیدہ نوعیت سے نمٹنے کے لیے ادارے میں کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، نیٹ ورک سکیورٹی، برقیاتی شواہد کے تجزیے اور سائبر تحقیقات کے ماہرین کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔ تاہم ادارے کی تشکیل اور افسران کی تعیناتیوں کے بعد سے یہ سوال برقرار ہے کہ آیا ان شعبوں میں مہارت رکھنے والے اہلکاروں کو فیصلہ سازی اور عملی کارروائیوں میں مناسب نمائندگی حاصل ہے یا نہیں۔

ماہرین کے نزدیک سائبر جرائم کی تحقیقات محض کسی عمارت میں کمپیوٹرز، سرورز یا بڑی تعداد میں ملازمین کی موجودگی کی بنیاد پر نہیں کی جاسکتیں۔ کسی قانونی سافٹ ویئر کمپنی اور غیر قانونی کال سینٹر کے درمیان فرق واضح کرنے کے لیے اس کے کاروباری طریقہ کار، تیار کردہ سافٹ ویئر، معلومات کی ترسیل، غیر ملکی گاہکوں، ادائیگیوں کے ذرائع، تجارتی معاہدوں اور برقیاتی سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔

اگر کارروائی کرنے والی ٹیم ان بنیادی تکنیکی پہلوؤں کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تو اس بات کا خدشہ موجود رہتا ہے کہ اصل ملزمان تک پہنچنے کے بجائے قانونی کاروبار اور اس سے وابستہ افراد بھی کارروائیوں کی زد میں آجائیں۔

کراچی میں قانونی حیثیت رکھنے والے کال سینٹر پر کارروائی کا معاملہ

اسی تناظر میں کراچی میں ایک کال سینٹر پر ہونے والی کارروائی خاصی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ ادارے کو وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی کی جانب سے قانونی کاروبار کا سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، اس کے باوجود وہاں چھاپہ مارا گیا۔

اس کارروائی کے حوالے سے یہ الزام بھی سامنے آیا کہ چھاپے کے دوران کمپنی کا سرٹیفکیٹ مبینہ طور پر پھاڑ دیا گیا۔ معاملے نے مزید توجہ اس وقت حاصل کی جب کارروائی کے بعد ڈیپوٹیشن پر تعینات ایک افسر کا تبادلہ بھی کرنا پڑا۔

اس واقعے نے متعلقہ حکام کے سامنے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ اگر کمپنی کے پاس سرکاری ادارے کی جانب سے جاری کردہ قانونی حیثیت کا سرٹیفکیٹ موجود تھا تو کارروائی سے پہلے اس کی تصدیق کیوں نہیں کی گئی؟ کیا این سی سی آئی اے نے وزارتِ اطلاعات و ٹیکنالوجی یا کسی متعلقہ نگران ادارے سے رابطہ کیا تھا؟ کیا چھاپے کے لیے کوئی ٹھوس شکایت، ابتدائی تحقیقات یا برقیاتی شواہد موجود تھے؟

اگر کارروائی کے دوران قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا گیا تو اس کی ذمہ داری کس افسر پر عائد ہوگی اور کیا اس حوالے سے کسی باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا گیا؟

یہ معاملہ محض ایک کاروباری ادارے تک محدود نہیں بلکہ ملک میں کام کرنے والی پوری آئی ٹی صنعت کے اعتماد سے جڑا ہوا ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کراچی میں ہونے والی کارروائیوں کے بعد آئی ٹی شعبے سے وابستہ حلقوں کی جانب سے یہ شکایات بھی سامنے آئی ہیں کہ متعدد قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز نے ممکنہ چھاپوں کے خدشے کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی ہیں یا کاروباری حجم محدود کردیا ہے۔

اس کے برعکس غیر قانونی کال سینٹرز اور مشکوک سافٹ ویئر ہاؤسز کے خلاف کارروائیوں کے مطلوبہ نتائج سامنے نہ آنے پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ اگر ادارے کے پاس مشتبہ کاروباری نیٹ ورکس کی شناخت کے لیے انٹیلی جنس معلومات، تکنیکی نگرانی اور مالیاتی تحقیقات کا مؤثر نظام موجود ہے تو ایسے نیٹ ورکس کی مسلسل سرگرمیوں کی وجوہات کیا ہیں؟

کیا این سی سی آئی اے کے پاس غیر قانونی کال سینٹرز اور مشکوک سافٹ ویئر کمپنیوں کا جامع ریکارڈ موجود ہے؟ کیا ان اداروں کے بینک کھاتوں، برقیاتی ادائیگیوں، بیرون ملک سے موصول ہونے والی رقوم، غیر ملکی گاہکوں اور مالیاتی لین دین کی جانچ کی جارہی ہے؟ یا پھر کارروائیوں کا زیادہ تر انحصار دفاتر کی موجودگی، عمارتوں اور وہاں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد پر ہے؟

مبینہ غیر قانونی سافٹ ویئر ہاؤس اور مالیاتی سرگرمیاں بھی سوالات کی زد میں

اس معاملے کا ایک اور اہم پہلو کراچی کے ایک مبینہ غیر قانونی سافٹ ویئر ہاؤس سے متعلق ہے، جس کے مالک کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ 2018 میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی کارروائی کے دوران ایک مقدمے میں نامزد ہوا تھا، تاہم اس کے خلاف قانونی کارروائی اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکی۔

اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ مذکورہ شخص نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں زمینوں کی خریداری، تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری اور سونے کے کاروبار سے وابستہ سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

اس صورت حال نے مالیاتی نگرانی کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ قومی احتساب بیورو، وفاقی تحقیقاتی ادارے، انسدادِ بدعنوانی کے محکمے، پولیس اور وفاقی محصولات کے ادارے سے یہ پوچھا جانا ضروری ہے کہ آیا متعلقہ شخص کی آمدن، کاروباری سرمایہ کاری اور مالی وسائل کے ذرائع کی کبھی جانچ کی گئی ہے؟

اگر کسی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کو دوسرے شعبوں میں منتقل کرکے سرمایہ کاری کی جارہی ہے تو اس کے مالیاتی ذرائع کی تصدیق کیوں نہیں کی گئی؟ کیا اس حوالے سے غیر قانونی آمدن کو قانونی کاروبار میں شامل کرنے کا کوئی امکان موجود ہے، جس کی تحقیقات ضروری ہوں؟

یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص نے اپنے مبینہ غیر قانونی سافٹ ویئر ہاؤسز کا انتظام ایک سابق آئی ٹی کمپنی کے افسر کے سپرد کردیا ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو متعلقہ اداروں کو اس معاملے کی مالیاتی اور قانونی چھان بین کرنی چاہیے۔

اس سلسلے میں یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ 2018 میں درج ہونے والے مقدمے کی تحقیقات کہاں تک پہنچیں، آیا اس کا کوئی فیصلہ ہوا اور متعلقہ شخص کے کاروباری اثاثوں اور آمدن کے ذرائع کی جانچ کی گئی یا نہیں؟ موجودہ این سی سی آئی اے کے پاس سابقہ مقدمات اور ان سے منسلک افراد کا ریکارڈ موجود ہے تو اس کی بنیاد پر نئے شواہد کا جائزہ کیوں نہیں لیا جارہا؟

البتہ کسی مقدمے میں نامزد ہونا بذاتِ خود کسی شخص کا جرم ثابت نہیں کرتا، تاہم اگر اس کے خلاف مزید شواہد یا نئی شکایات موجود ہیں تو ان کی غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

قانونی آئی ٹی کمپنیوں کا مستقبل اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد

پاکستان میں متعدد آئی ٹی کمپنیاں ایسی ہیں جو 2008 سے قانونی طور پر کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز چلارہی ہیں۔ ان اداروں نے طویل عرصے کی محنت، سرمایہ کاری، تربیت یافتہ افرادی قوت اور بین الاقوامی گاہکوں کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے ملکی معیشت میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ ان میں سے کئی کمپنیاں اب مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں بھی کاروبار کو وسعت دے رہی ہیں۔

ایسے اداروں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اگر انہیں ہر وقت اچانک چھاپوں، کاروباری تعطل اور غیر یقینی صورت حال کا سامنا رہے تو وہ اپنے بین الاقوامی گاہکوں کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کس طرح برقرار رکھ سکیں گے؟

غیر ملکی کمپنیاں اور سرمایہ کار کسی بھی ملک میں کاروبار شروع کرنے سے پہلے وہاں کے قانونی نظام، کاروباری تحفظ اور حکومتی پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ اگر پاکستان میں قانونی کاروبار کرنے والے اداروں اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث کمپنیوں کے درمیان فرق کرنے کا مؤثر نظام موجود نہ ہو تو عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونا فطری ہے۔

یہاں معاملہ صرف این سی سی آئی اے کے اختیارات یا کارروائیوں کا نہیں بلکہ ان کے استعمال میں شفافیت، تکنیکی قابلیت اور جواب دہی کا بھی ہے۔

وفاقی حکومت اگر پاکستان کو خطے کا اہم اطلاعاتی ٹیکنالوجی مرکز بنانا چاہتی ہے اور آئندہ 4 برس میں برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرنے کی خواہش مند ہے تو سائبر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ساتھ قانونی کاروباری اداروں کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔

اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، سائبر سکیورٹی اور برقیاتی شواہد کے تجزیے میں مہارت رکھنے والے افسران کو تحقیقات اور عملی کارروائیوں میں مرکزی کردار دیا جائے۔ کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں قانونی کال سینٹرز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کی رجسٹریشن، کاروباری نوعیت اور تکنیکی سرگرمیوں کا مستند ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی کارروائی سے پہلے متعلقہ اداروں سے ان کی قانونی حیثیت کی تصدیق ممکن ہوسکے۔

اسی طرح غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف چھاپوں کے لیے واضح ضابطۂ کار مرتب کرنا بھی ناگزیر ہے۔ ہر کارروائی سے پہلے دستیاب شواہد کی جانچ، متعلقہ اداروں سے رابطے اور کاروباری دستاویزات کی تصدیق کو لازمی بنایا جائے، جبکہ چھاپے کے بعد بھی اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ کارروائی قانونی تقاضوں اور ٹھوس معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی یا نہیں۔

این سی سی آئی اے کی کامیابی کا پیمانہ صرف چھاپوں کی تعداد، گرفتار ہونے والے ملازمین یا ضبط کیے گئے کمپیوٹرز نہیں ہونے چاہئیں، بلکہ اصل کارکردگی کا تعین اس بنیاد پر ہونا چاہیے کہ ادارہ جدید سائبر جرائم، بین الاقوامی مالیاتی فراڈ، غیر قانونی برقیاتی ادائیگیوں اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کتنے مؤثر نتائج حاصل کرتا ہے۔

اگر ایک طرف قانونی کمپنیاں ممکنہ کارروائیوں کے خوف سے اپنے کاروبار محدود کرنے پر مجبور ہوں اور دوسری جانب مبینہ غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف تحقیقات اور کارروائیوں میں تسلسل دکھائی نہ دے تو گرینڈ آپریشن کی افادیت پر سوالات اٹھنا ناگزیر ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ این سی سی آئی اے سائبر جرائم کے خاتمے کے ساتھ پاکستان کی آئی ٹی صنعت کے لیے اعتماد اور تحفظ کی فضا قائم کرنے میں کامیاب ہوتا ہے یا اس کی غیر واضح عملی حکمت عملی قانونی کاروبار کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتی ہے۔

کیونکہ سائبر جرائم کے خلاف جنگ محض چھاپوں اور گرفتاریوں سے نہیں جیتی جاسکتی۔ اصل کامیابی کے لیے جدید تکنیکی مہارت، ناقابلِ تردید شواہد، شفاف تحقیقات اور ادارہ جاتی جواب دہی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہی وہ عوامل ہیں جو حقیقی مجرموں تک پہنچنے کے ساتھ پاکستان کی آئی ٹی صنعت کو عالمی منڈی میں مستحکم مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت