امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار، شاداب خان پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کو ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی ظاہر کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔
یہ واقعہ جمعہ کو شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای بلز اور عربین ایسز کے درمیان کھیلے گئے ایونٹ کے 15ویں میچ میں پیش آیا۔ شاداب خان ایک باؤنسر کو وائیڈ قرار نہ دیے جانے پر امپائر کے فیصلے سے ناخوش تھے۔
فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شاداب نے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا، جسے امپائر کے فیصلے سے اختلاف اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
ابوظہبی ٹی 10 انتظامیہ کے مطابق شاداب خان کو ضابطہ اخلاق کے لیول ون کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔ اس شق کا تعلق میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی ظاہر کرنے سے ہے۔ شاداب نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ سزا قبول کرلی۔
مقابلے میں شاداب نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے، تاہم یو اے ای بلز کو عربین ایسز کے ہاتھوں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دفاعی چیمپئن یو اے ای بلز پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت