تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ میں ہولناک آتشزدگی، 11 افراد ہلاک، 16 زخمی
تھائی لینڈ کے معروف سیاحتی مقام فوکٹ کے علاقے پٹونگ میں پیر کی علی الصباح ایک تجارتی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 16 دیگر زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 17 منٹ پر پیش آیا۔ متاثرہ عمارت میں ریسٹورنٹ، عارضی رہائش کی سہولت اور موٹرسائیکلیں کرائے پر فراہم کرنے کی دکان قائم تھی۔ آگ نے چند ہی لمحوں میں عمارت کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور قریبی عمارتوں تک بھی پھیل گئی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، جہاں آگ بجھانے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ آگ کی شدت اور عمارت سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فوکٹ کے پولیس سربراہ سوراچائی سوکسائی نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کے قریب نصب بجلی کا ٹرانسفارمر واقعے سے کچھ دیر قبل دھماکے سے پھٹ گیا تھا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک حاصل ہونے والے شواہد میں آگ جان بوجھ کر لگائے جانے کے کوئی آثار نہیں ملے۔
فوکٹ کے گورنر چوڈنارِن کوئڈسوم نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ عمارت میں موٹرسائیکلیں کرائے پر دینے کی دکان بھی موجود تھی، جہاں تقریباً 100 موٹرسائیکلیں کھڑی تھیں۔ اس کے علاوہ عمارت میں انجن آئل، گیس، پلاسٹک سے تیار کردہ اشیا اور ٹائر بھی بڑی مقدار میں رکھے ہوئے تھے۔
گورنر کے مطابق عمارت میں موجود یہ تمام اشیا انتہائی آتش گیر تھیں، جس کے باعث شعلوں نے تیزی سے پھیل کر عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے دوران عمارت میں زہریلے دھوئیں کی بڑی مقدار جمع ہوگئی، جس نے وہاں موجود افراد کے لیے صورتحال مزید خطرناک بنادی۔
حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 16 افراد میں 15 تھائی شہری اور میانمار سے تعلق رکھنے والا ایک شخص شامل ہے۔ حکام کے مطابق آتشزدگی کے اس واقعے میں کسی غیر ملکی سیاح کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق متاثرین میں متعدد افراد کو زہریلے دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض زخمی ٹوٹے ہوئے شیشوں سے لگنے والی چوٹوں کے باعث زیر علاج ہیں۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کا تعین کیا جاسکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت