پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری: پاکستان کی معاشی تقدیر بدلنے کا موقع

قومی خبریں
کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری: پاکستان کی معاشی تقدیر بدلنے کا موقع

اسلام آباد: پاکستان اپنی تاریخ کے ایک ایسے اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں ملک کے زیر زمین چھپے قدرتی وسائل معاشی ترقی اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔

دہائیوں سے معدنی خزانوں کے چرچے تو رہے مگر انہیں جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی منصوبہ بندی کے ذریعے بروئے کار لانے کی کوششیں ہمیشہ محدود رہیں۔ اب وفاقی حکومت، متعلقہ اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے اس شعبے کو ملکی معیشت کا مرکز بنا دیا ہے۔

پاکستان کے پہاڑوں، صحراؤں اور مختلف خطوں میں سونا، تانبا، کوئلہ، لیتھیم اور قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ملک میں درجنوں اہم معدنیات کی موجودگی کے باوجود مالی سال 2024 میں کان کنی کا قومی جی ڈی پی میں حصہ صرف ڈیڑھ فیصد رہا۔ اس شعبے میں ابھرتے ہوئے امکانات کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جدید ارضیاتی سروے اور بڑے پیمانے پر تکنیکی مہارت کی ضرورت ہے۔

بلوچستان کا ریکوڈک منصوبہ پاکستانی معدنی معیشت کا سب سے بڑا امتحان ہے۔ دنیا کے بڑے تانبے اور سونے کے ذخائر کے حامل اس منصوبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور حکومتی اداروں کی شراکت داری ایک نئی مثال بن رہی ہے۔ اس کے علاوہ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر اور سندھ کے تھر کول فیلڈ جیسے منصوبے ملکی توانائی اور صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

عالمی طاقتیں اب معدنیات کو صنعتی سلامتی کا حصہ سمجھتی ہیں، جس کے پیش نظر چین، امریکا اور سعودی عرب جیسے ممالک پاکستان میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں ہونے والے متعدد معاہدے اس بات کی علامت ہیں کہ دنیا اس خطے کو ایک ابھرتے ہوئے صنعتی مرکز کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب خام مال برآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر پروسیسنگ مراکز قائم کیے جائیں گے۔

معدنی شعبے کی کامیابی کا دارومدار سیکیورٹی، شفاف قوانین اور صوبائی خودمختاری کے احترام پر ہے۔ مقامی آبادی کی ترقی اور سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

اگر حکومت اپنی پالیسیوں میں تسلسل اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائے تو معدنیات اس ملک کی معاشی تقدیر بدلنے اور اسے خود کفالت کی جانب لے جانے کا اہم ترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت