پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کریں، اسحاق ڈار

قومی خبریں
پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی خدشات دور کریں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، جو علاقائی تعاون کا حصہ بننے کے ساتھ اپنے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ امن قائم رکھے۔

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے۔ دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنا اور محفوظ ماحول قائم کرنا علاقائی اقتصادی شراکت داری کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مکالمے، کشیدگی میں کمی اور دیرپا علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ خطے میں غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے باعث علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ای سی او کے چارٹر میں طے شدہ اصولوں اور مقاصد کے لیے پُرعزم ہے۔ خودمختاری کا احترام، عدم مداخلت، برابری اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون تنظیم کے بنیادی اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ جغرافیائی اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے، جہاں بڑی منڈیاں، قدرتی وسائل اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان امکانات کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس مدت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ اجلاس کے آغاز پر انہوں نے مہمان وفود کے سربراہان کا استقبال کیا اور ان کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت