پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈائنوسارز کی نسل ختم کرنے میں سورج کے ممکنہ جڑواں ستارے کا کردار؟ سائنس دانوں کا نیا دعویٰ

قومی خبریں
ڈائنوسارز کی نسل ختم کرنے میں سورج کے ممکنہ جڑواں ستارے کا کردار؟ سائنس دانوں کا نیا دعویٰ

ڈائنوسارز کی نسل ختم کرنے والے خلائی تصادم کے پیچھے سورج کے پراسرار جڑواں ستارے کا ممکنہ کردار سامنے آگیا، ماہرِ طبیعات نے ہر 2 کروڑ 60 لاکھ سال بعد زمین کی جانب دمدار ستاروں کی بارش برسانے والے فرضی ستارے کی موجودگی کا نظریہ پیش کردیا۔

زمین کی تاریخ میں ایسے کئی ہولناک واقعات رونما ہوچکے ہیں جنہوں نے کرۂ ارض پر موجود جانداروں کی بے شمار نسلوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا۔ ان میں تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال قبل ڈائنوسارز کی بڑے پیمانے پر معدومیت بھی شامل ہے، جسے سائنس دان ایک بڑے خلائی تصادم کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ تاہم اب ایک ماہرِ طبیعات نے اس تباہی کے پس منظر میں سورج کے ایک مبینہ جڑواں ستارے کے کردار کا نظریہ پیش کیا ہے، جس نے سائنسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے کے پروفیسر ایمریٹس رچرڈ مولر نے اس فرضی ستارے کو ’’نیمیسس‘‘ کا نام دیا ہے۔ ان کے پیش کردہ نظریے کے مطابق یہ ایک سرخ بونا ستارہ ہے جو سورج کے ساتھ ایک مشترکہ مرکزِ ثقل کے گرد گردش کرتا ہے اور نظامِ شمسی کے بیرونی حصے میں موجود ہے۔

رچرڈ مولر کا خیال ہے کہ نیمیسس تقریباً ہر 2 کروڑ 60 لاکھ سال بعد نظامِ شمسی کے بیرونی کنارے پر موجود برفیلے خلائی اجسام کے ذخیرے کے قریب سے گزرتا ہے۔ اس دوران اس کی کششِ ثقل ان اجسام کے مدار میں تبدیلی پیدا کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دمدار ستارے نظامِ شمسی کے اندرونی حصے اور زمین کی سمت سفر شروع کرسکتے ہیں۔

ان کے مطابق ماضی میں بھی ایسا ہی کوئی واقعہ پیش آیا ہوگا، جس کے نتیجے میں ایک بڑا خلائی جسم زمین سے ٹکرایا اور اس تصادم نے ڈائنوسارز سمیت متعدد جانداروں کی نسلوں کا صفایا کردیا۔

ماہرِ طبیعات نے اپنے نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ نیمیسس کی ممکنہ موجودگی کے باوجود اسے اب تک دریافت نہ کیے جانے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ان کے بقول سورج اور اس فرضی ستارے کی باہمی حرکت اس انداز میں ہوتی ہے کہ آسمان پر نیمیسس کی پوزیشن میں نمایاں تبدیلی دکھائی نہیں دیتی، جس کے باعث عام فلکیاتی طریقوں سے اس کی شناخت مشکل ہوجاتی ہے۔

عام طور پر ماہرینِ فلکیات ستاروں کی نشاندہی ان کی جگہ میں وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرکے کرتے ہیں، تاہم مولر کے مطابق نیمیسس کی مخصوص حرکت اسے اس طریقے سے تلاش کرنا دشوار بنا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ستارہ زمین سے انتہائی فاصلے پر ہونے کے باعث بہت مدھم دکھائی دے سکتا ہے، جبکہ آسمان پر موجود بے شمار دوسرے ستاروں کے درمیان اس کی شناخت بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

نیمیسس اور دمدار ستاروں کی بارش کا تعلق کیا ہے؟

رچرڈ مولر کے نظریے کا ایک اہم پہلو نظامِ شمسی کے انتہائی بیرونی علاقے میں موجود برفیلے خلائی اجسام کا وسیع ذخیرہ ہے، جسے ’’اورٹ بادل‘‘ کہا جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس علاقے میں کھربوں برفیلے اجسام موجود ہوسکتے ہیں، جن میں سے بعض کششِ ثقل کے اثرات کے باعث اپنے مدار سے نکل کر دمدار ستاروں کی صورت میں نظامِ شمسی کے اندرونی حصوں کا رخ کرسکتے ہیں۔

مولر کا مؤقف ہے کہ نیمیسس جب تقریباً ہر 2 کروڑ 60 لاکھ سال بعد اورٹ بادل کے قریب سے گزرتا ہے تو اس کی کششِ ثقل وہاں موجود اجسام کے راستوں میں تبدیلی پیدا کردیتی ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دمدار ستارے مختلف سمتوں میں سفر کرتے ہوئے زمین کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔

ان کا اندازہ ہے کہ اس طرح پیدا ہونے والی دمدار ستاروں کی بارش کا سلسلہ تقریباً 10 لاکھ سال تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران ان میں سے کسی بڑے خلائی جسم کے زمین سے ٹکرانے کا امکان بھی موجود ہوتا ہے، جو کرۂ ارض پر بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرِ طبیعات نے مزید پیش گوئی کی ہے کہ نیمیسس کی وجہ سے دمدار ستاروں کی اگلی ممکنہ بارش تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ سال بعد ہوسکتی ہے، تاہم یہ اندازہ ان کے نظریے پر مبنی ہے اور اس کی سائنسی تصدیق نہیں ہوئی۔

ڈائنوسارز کی معدومیت اور ہر 2 کروڑ 60 لاکھ سال کا دورانیہ

نیمیسس کے وجود کا نظریہ 1982 میں سامنے آنے والی ایک تحقیق سے بھی تعلق رکھتا ہے، جس میں سمندری جانداروں کی مختلف نسلوں کے معدوم ہونے کے واقعات کا جائزہ لیا گیا تھا۔ تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے مشاہدہ کیا کہ ان معدومیتوں میں تقریباً ہر 2 کروڑ 60 لاکھ سال بعد اضافہ ہوتا رہا ہے۔

رچرڈ مولر کے مطابق معدومیت کے ان ادوار اور نیمیسس کی ممکنہ حرکت کے درمیان تعلق ہوسکتا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ جب یہ ستارہ اورٹ بادل کے قریب سے گزرتا ہے تو وہاں موجود دمدار ستاروں کی بڑی تعداد اپنے مدار سے نکل کر زمین کی جانب بڑھ سکتی ہے، جن میں سے کسی ایک بڑے جسم کا تصادم عالمی سطح پر تباہی پھیلانے کے لیے کافی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال قبل موجودہ میکسیکو کے علاقے میں ایک بڑا خلائی جسم زمین سے ٹکرایا تھا، جس کے بعد ماحول میں شدید تبدیلیاں رونما ہوئیں اور ڈائنوسارز کی نسل سمیت متعدد جانداروں کا خاتمہ ہوگیا۔

تاہم اس تصادم میں زمین سے ٹکرانے والے خلائی جسم کی اصل نوعیت کے حوالے سے اب بھی بحث جاری ہے۔ ماہرین اس بات کا حتمی تعین نہیں کرسکے کہ یہ ایک دمدار ستارہ تھا یا شہابِ ثاقب۔ برکلے کے ماہرِ ارضیات والٹر الواریز، جنہوں نے ڈائنوسارز کی معدومیت میں خلائی تصادم کے کردار کا نظریہ پیش کیا تھا، کے مطابق سائنس دان تاحال ان دونوں امکانات میں واضح فرق کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

کیا واقعی سورج کا کوئی جڑواں ستارہ موجود ہے؟

اگرچہ رچرڈ مولر نے نیمیسس کے ممکنہ وجود اور اس کے زمین پر اثرات سے متعلق نظریہ پیش کیا ہے، لیکن فلکیات کے تمام ماہرین اس سے اتفاق نہیں کرتے۔ 2014 میں پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے امریکی خلائی ادارے ناسا کی ’’وائز‘‘ نامی زیرِ سرخ دوربین سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا تھا، جس کا مقصد نظامِ شمسی کے آس پاس موجود ممکنہ اجرام کی تلاش تھا۔

تاہم اس تحقیق کے دوران نیمیسس نامی کسی ستارے کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ تحقیق سے وابستہ پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے ایک ماہرِ فلکیات اور ایسوسی ایٹ پروفیسر نے بھی اس امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نظامِ شمسی کے بیرونی حصے میں غالباً کوئی بڑا گیسی سیارہ یا سورج کا کوئی چھوٹا ساتھی ستارہ موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب رچرڈ مولر اب بھی اپنے نظریے پر قائم ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ نیمیسس کی موجودگی کو مکمل طور پر رد کرنے کے لیے بھی کوئی فیصلہ کن ثبوت موجود نہیں، کیونکہ ان کے خیال میں یہ ستارہ اپنے انتہائی فاصلے اور مدھم روشنی کے باعث اب تک ماہرین کی نظروں سے اوجھل رہا ہے۔

تاہم سائنسی اعتبار سے نیمیسس کی موجودگی، اس کی مبینہ گردش اور ڈائنوسارز سمیت دیگر جانداروں کی معدومیت میں اس کے کردار کی اب تک تصدیق نہیں ہوسکی۔ اس لیے اسے فی الحال ایک مفروضے سے زیادہ حیثیت حاصل نہیں، جبکہ ڈائنوسارز کی معدومیت کے حوالے سے ثابت شدہ شواہد بڑے خلائی تصادم کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت