امریکا مذاکرات کی آڑ میں حملے کی تیاری کررہا ہے: ایرانی نائب وزیر خارجہ

ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تہران کسی ممکنہ حملے کی صورت میں خاموش تماشائی نہیں بنے گا بلکہ اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب وقت پر جوابی کارروائی کا فیصلہ خود کرے گا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے الزام عائد کیا ہے کہ واشنگٹن سفارتی مذاکرات کی آڑ میں ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کی تیاری کے لیے وقت حاصل کرنے کی کوشش کرسکتا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران امریکی عزائم سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی خود طے کرے گا۔ تہران یہ فیصلہ کرنے کا پابند نہیں کہ پہلے امریکی حملے کا انتظار کرے اور اس کے بعد کوئی ردعمل ظاہر کرے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کی اطلاعات ہیں اور ایران و امریکا کے درمیان سفارتی کوششوں کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کا جنگی بحری گروپ بھی مشرق وسطیٰ پہنچ چکا ہے، جبکہ 2 دیگر امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پہلے ہی امریکی مرکزی کمان کے زیر انتظام خطے میں موجود ہیں۔ خطے میں امریکی بحری قوت میں اضافے کو ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے امریکی فوجی نقل و حرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن کے مقاصد پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برت سکتا۔ ان کے مطابق تہران کسی بھی ممکنہ حملے کے جواب میں پیشگی اقدامات کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو رسائی دینے کا معاملہ بھی فی الحال زیر غور نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں اور جنگ کا مستقل خاتمہ یقینی نہیں بنایا جاتا، معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ مستقبل میں اپنے وعدوں کی پاسداری کے حوالے سے قابل اعتماد ضمانتیں فراہم کرے۔ غریب آبادی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران امریکا کم از کم 3 مرتبہ اپنے وعدوں اور مؤقف سے انحراف کرچکا ہے، جس کے باعث تہران کے لیے واشنگٹن پر اعتماد کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ تہران جوہری معاملے پر کسی نئے سفارتی عمل کو آگے بڑھانے سے پہلے جنگ کے مستقل خاتمے اور امریکی یقین دہانیوں کو بنیادی شرط قرار دے رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت