آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر 20 لاکھ بیرل تیل کا ٹینکر ڈوب گیا

تہران: آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والا ایک سپر آئل ٹینکر ڈوب گیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے میں ایک اور آئل ٹینکر کو بھی شدید نقصان پہنچا اور اس میں آگ لگ گئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی بحریہ کے مطابق دونوں بحری جہاز آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں موجود ایسے راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جسے تہران نے غیر مجاز قرار دے رکھا ہے۔
ان جہازوں نے اپنی شناخت ظاہر کرنے والا نیویگیشن سسٹم بھی بند کر رکھا تھا جو کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جہاز امریکی فوجی معاونت کے ساتھ سفر کر رہے تھے اور انہوں نے ایران کی مقرر کردہ بحری حدود کی پامالی کی۔ دھماکوں کے نتیجے میں ایک ٹینکر مکمل طور پر سمندر برد ہو گیا، تاہم حکام نے جہازوں کے نام یا عملے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
برطانوی بحری نگرانی کے ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے خلیج میں ایک ٹینکر پر حملے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ متعلقہ جہاز کے عملے کے تمام ارکان فی الحال محفوظ ہیں، تاہم واقعے سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان اور تیل کے ممکنہ اخراج کے اثرات کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کا اہم ترین مرکز ہے جہاں سے دنیا بھر کی تیل کی کل کھپت کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔ کسی بھی سپر ٹینکر کے ڈوبنے سے نہ صرف سمندری حیات کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں بلکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔
خطے میں پہلے ہی امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، جس کے باعث بحری تجارت مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تازہ واقعے کے بعد خلیجی پانیوں میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی، جس سے عالمی جہاز رانی کے اخراجات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت