خطے کے ممالک اپنی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں: عباس عراقچی

ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے علاقائی مکالمے اور عدم جارحیت پر مبنی مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے، جبکہ غزہ کی صورتحال انسانیت کے لیے شرمناک المیہ بن چکی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ 30 ویں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں انسانی بحران شدت اختیار کرچکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام تک امدادی سامان کی بلا تعطل رسائی یقینی بنانے کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید تقریباً 10 ہزار فلسطینیوں کی حالت زار پر بھی عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے۔
عباس عراقچی نے ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت کرنے اور ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور وزارت خارجہ نے اجلاس کے انعقاد کے لیے قابل قدر کوششیں کیں، جس پر ایران ان کا شکر گزار ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کو محض مذاکرات کے بجائے اجتماعی اقدامات، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے علاقائی مسائل کے حل کا مؤثر فورم بنانا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے تجارت، نقل و حمل اور توانائی کے شعبوں کو تنظیم کے تعاون کے 3 بنیادی تزویراتی ستونوں کی حیثیت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے تنظیم کے تجارتی معاہدے میں اصلاحات کے لیے فنی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام رکن ممالک ایک نئے اور زیادہ مؤثر تجارتی معاہدے کی تشکیل کے لیے مذاکراتی عمل میں بھرپور حصہ لیں۔
عباس عراقچی نے ایران کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی پابندی کرتا ہے اور گزشتہ 2 برس کے دوران سفارتی روابط کے فروغ اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے امریکا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے ایران کے خلاف جارحیت، دھمکیوں، ہدف بنا کر ہلاکتوں، معاشی دباؤ اور ناکہ بندی جیسے اقدامات کا راستہ اختیار کیا، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے بقول خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال بھی امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ خطے کے کسی بھی ملک کی سرزمین، فضائی حدود یا تنصیبات کو دوسرے ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ ایران کے دفاعی اقدامات کا ہدف صرف جارحیت میں ملوث عناصر اور ان کے فوجی اڈے ہیں، لہٰذا ان کارروائیوں کو پڑوسی ممالک کی حکومتوں یا عوام کے خلاف اقدام تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کے لیے عدم جارحیت اور علاقائی سطح پر مذاکرات پر مبنی مشترکہ حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ ایران پر عائد پابندیوں نے ایرانی عوام کے اپنے حقوق کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ خطے میں توانائی کے تحفظ کے لیے ایک قابل اعتماد اور دیرپا نظام کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت