پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سعودی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب بڑھنے والے 4 ڈرونز مار گرائے

قومی خبریں
سعودی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب بڑھنے والے 4 ڈرونز مار گرائے

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی جانب بڑھنے والے 3 ڈرونز کو فضائی حدود میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ یمنی حوثیوں نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش سے لاتعلقی ظاہر کردی ہے۔

سعودی فوجی اتحاد کے مطابق مملکت کے مقدس شہروں کی جانب آنے والے بغیر پائلٹ طیاروں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا۔ اتحاد کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کی سمت بڑھنے والے 2 جبکہ مدینہ منورہ کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب یمن کے حوثی جنگجوؤں نے مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے عائد کردہ الزام کو مسترد کردیا ہے۔ تاہم انہوں نے مدینہ منورہ کی جانب ڈرون بھیجے جانے سے متعلق سعودی فوجی اتحاد کے بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

ادھر حوثیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ ان کے مطابق شاہ خالد ہوائی اڈے اور مالیاتی مرکز کو حملے کا ہدف بنایا گیا۔

تاحال سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے اور حوثیوں کے ریاض میں حملوں سے متعلق دعوؤں کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات کے بارے میں بھی کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت