استنبول کی تاریخی مسجد ایا صوفیہ کے نیچے 1600 برس قدیم خفیہ سرنگیں دریافت

استنبول: ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع تاریخی مسجد ایا صوفیہ کے نیچے سے 1600 برس قدیم سرنگوں کا ایک خفیہ نظام دریافت ہوا ہے جس نے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو حیران کر دیا ہے۔ یہ سرنگیں برسوں تک ملبے تلے دبی ہوئی تھیں۔
ماہرین نے فروری 2025 میں ان سرنگوں کی کھدائی اور صفائی کا کام شروع کیا تھا جس کے دوران تقریباً 3000 ٹن ملبہ ہٹایا گیا۔ طویل محنت کے بعد ان حصوں تک رسائی ممکن ہوئی ہے جہاں پہلے انسانی رسائی ناممکن سمجھی جاتی تھی۔
ماہرِ آثارِ قدیمہ حسن فرات دیکر نے انکشاف کیا کہ یہ سرنگیں رومی دور میں تعمیر کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ راستہ ماضی میں شہر کے پانی کی ترسیل اور نکاسیِ آب کے نظام کے طور پر نہایت اہم کردار ادا کرتا تھا۔
علاوہ ازیں ان سرنگوں کو ہنگامی حالات میں زیرِ زمین محفوظ گزرگاہوں کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ محققین کے مطابق یہاں موجود بعض ڈھانچے موجودہ ایا صوفیہ کی تعمیر سے بھی قدیم ہیں، جس کا آغاز 537 عیسوی میں بازنطینی دور میں ہوا تھا۔
اگرچہ محققین کئی دہائیوں سے اس زیرِ زمین نظام کے وجود سے آگاہ تھے، مگر اس کے اکثر حصوں تک پہنچنا مشکل تھا۔ حالیہ کھدائی کے بعد اب ماہرین کو اس تاریخی مقام کے پوشیدہ حصوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا بہترین موقع مل گیا ہے۔
یہ دریافت رومی اور بازنطینی سلطنت کے شہری انفراسٹرکچر کو سمجھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قدیم دور کی تعمیراتی مہارت اور تاریخ کے کئی اہم گوشے دنیا کے سامنے آئیں گے جو اب تک صرف فرضی کہانیوں تک محدود تھے۔
اس دریافت سے نہ صرف استنبول کی تاریخی حیثیت میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ آنے والے وقتوں میں یہ مقام سیاحوں اور محققین کے لیے مرکزِ نگاہ بنے گا۔
حکام اب ان سرنگوں کے تحفظ اور تحقیق کے مزید مراحل پر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ماضی کے راز محفوظ رہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت