چین نے پہلے مقامی تیار کردہ الیکٹرک مسافر طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی

بیجنگ: چین نے ہوابازی کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک مسافر طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی ہے۔
اس جدید طیارے نے صوبہ شان ڈونگ کے شہر بن ژو سے پہلی پرواز کا آغاز کیا۔
اس تاریخی آزمائشی پرواز کے دوران طیارے میں 2 پائلٹ اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔ طیارے نے فضا میں تقریباً 16 منٹ سے زائد کا وقت گزارا اور 60 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا۔
اس کامیاب تجربے نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی راہیں کھول دی ہیں۔
سی ای 25 اے نامی یہ طیارہ 10 میٹرک ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں عملے کے علاوہ 19 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس طیارے کی ڈیزائننگ میں پروں پر دس الیکٹرک ڈکٹڈ پنکھے نصب کیے گئے ہیں جو اسے منفرد بناتے ہیں۔
اس الیکٹرک طیارے کی پرواز کی حد 400 کلومیٹر بتائی گئی ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں چین کی معروف بیٹری ساز کمپنی اور شنگھائی جیاو ٹونگ یونیورسٹی نے اہم تکنیکی معاونت فراہم کی ہے۔
یاد رہے کہ اس کامیاب پرواز سے قبل طیارے نے 19 بغیر پائلٹ تجرباتی پروازیں بھی مکمل کی تھیں۔ چین نے اس طیارے کا تصور 2023ء میں پیش کیا تھا اور اب کمپنی نے طیارے کے سرٹیفکیشن کے لیے چینی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باضابطہ طور پر رجوع کر لیا ہے۔
یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ چین عالمی فضائی صنعت میں ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ الیکٹرک ہوابازی کے شعبے میں یہ اہم کامیابی آنے والے وقتوں میں ہوا بازی کی صنعت کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت