صنعتی گروپس کا پاکستان میں بیٹری اسمبلی پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر کام شروع

اسلام آباد: پاکستان میں سولر پینلز کے بعد اب بیٹری اسٹوریج سسٹمز کی درآمد اور تنصیب میں غیر معمولی تیزی آ رہی ہے، جس نے ملکی سطح پر بیٹری اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھول دی ہیں اور متعدد صنعتی گروپس اس جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے مطابق 2026 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران ملک نے 4.57 گیگا واٹ آور گنجائش کی لیتھیم بیٹریاں درآمد کیں، جن کی مالیت 274 ملین ڈالر رہی۔ یہ بڑھتا ہوا رجحان ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
کچھ صنعتی گروپوں نے بیٹری اسمبلی پلانٹس لگانے کی عملی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر سرمایہ کار حکومتی سطح پر متوقع بیٹری اسٹوریج پالیسی کے منتظر ہیں، تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس پیچیدہ شعبے میں سرمایہ کاری سے قبل تکنیکی پائیداری کا جائزہ لینا انتہائی ضروری ہے۔
لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری سیلز کی تیاری ایک انتہائی جدید اور پیچیدہ ٹیکنالوجی پر مبنی صنعت ہے، جس کے لیے بھاری سرمایہ کاری، خصوصی مشینری، تربیت یافتہ افرادی قوت اور سخت کوالٹی کنٹرول کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میدان میں عالمی سطح پر چین کا غلبہ واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔
چین دنیا بھر میں بیٹری سیل مینوفیکچرنگ کی اسی فیصد سے زائد صلاحیت رکھتا ہے، جس کی مربوط سپلائی چین اور بڑے پیمانے پر پیداوار کا مقابلہ کرنا دیگر ممالک کے لیے مشکل ہے۔ یورپ کی بڑی کمپنیاں بھی چینی مصنوعات کے مقابلے میں خود کو کمزور محسوس کر رہی ہیں۔
اس کی مثال سویڈن کی کمپنی نارتھ وولٹ ہے، جس نے 15 ارب ڈالر اکٹھے کرنے کے باوجود پیداواری مسائل اور تکنیکی مشکلات کے باعث دیوالیہ ہونے کا سامنا کیا۔ اسی طرح دیگر عالمی کمپنیوں کی بیٹریوں کی لاگت چینی مصنوعات سے 30 سے 50 فیصد تک زیادہ ہے۔
بھارت نے بھی 2021 میں 50 گیگا واٹ آور پیداواری صلاحیت کا ہدف رکھا تھا مگر خام مال اور ٹیکنالوجی کی کمی کے باعث وہاں بھی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔
پاکستان کے لیے بھی اس صنعت کو مقامی سطح پر قائم کرنے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت