کراچی میں رکشے کے ذریعے منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان گرفتار، 28 کلو سے زائد چرس برآمد

کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی ترسیل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کی شناخت محمد امین اور ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان ایسٹ زون پولیس کے مطابق ملزمان رکشے کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران رکشے سے 28 کلو سے زائد اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی نقد رقم بھی ضبط کرلی، جبکہ سپلائی کے لیے استعمال ہونے والا رکشہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت