پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جعلی ’ہیومن ویریفکیشن‘کے ذریعے کمپیوٹرز میں خطرناک وائرس پھیلانے کا نیا فراڈ

قومی خبریں
جعلی ’ہیومن ویریفکیشن‘کے ذریعے کمپیوٹرز میں خطرناک وائرس پھیلانے کا نیا فراڈ

اسلام آباد: سائبر جرائم پیشہ افراد نے انٹرنیٹ صارفین کو نشانہ بنانے کے لیے ایک جدید اور خطرناک طریقہ اختیار کر لیا ہے جس میں جعلی انسانی تصدیق یعنی کیپچا کا سہارا لے کر کمپیوٹرز میں نقصان دہ میل ویئر سافٹ ویئر باآسانی داخل کیے جا رہے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اس نئے اور تشویشناک طریقہ کار کو کلک فکس کا نام دیا ہے جس کے تحت صارفین کو کسی ویب سائٹ پر تصاویر منتخب کرنے کے بجائے کی بورڈ سے مخصوص بٹن دبانے اور انٹر پریس کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے جو کہ سراسر ایک دھوکا ہے۔

سیکیورٹی کمپنی میل ویئر بائٹس کے محقق کرس فسٹوچنک نے کہا کہ کلک فکس موجودہ دور میں ہیکرز کی جانب سے استعمال کی جانے والی مقبول ترین مہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد روزانہ ایسی تصدیقی کارروائیوں سے گزرتے ہیں، جس کے باعث وہ اس دھوکے کو معمول کا کام سمجھ بیٹھتے ہیں۔

مجرم صارفین کے اس بھروسے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں، جس کے نتیجے میں صارفین خود اپنے ہاتھوں سے کمپیوٹر میں وائرس انسٹال کر لیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق صارفین اپنے سیکیورٹی سافٹ ویئر پر اندھا اعتماد کرتے ہیں، مگر یہ حملہ صارف کی جانب سے خود کیے گئے غیر محفوظ اقدامات کا فائدہ اٹھا کر کامیاب ہوتا ہے۔

ماہرین نے تنبیہ کی کہ کمپیوٹرز کو میل ویئر سے محفوظ رکھنے کے لیے صارفین کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ اگر کوئی ویب سائٹ انسانی تصدیق کے نام پر آپ کو کی بورڈ سے مخصوص کمانڈز چلانے یا کوئی کوڈ پیسٹ کرنے کا کہے تو فوری طور پر اس ویب سائٹ کو بند کر دیں۔

کسی بھی مشکوک تصدیقی عمل سے مکمل گریز کرنا اور ویب سائٹس کی ساکھ کو جانچنا آن لائن فراڈ سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر موجود ہر تصدیقی پیغام اصل نہیں ہوتا، لہذا صارفین کو اپنی ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے ہر ممکن احتیاط برتنی چاہیے تاکہ قیمتی ڈیٹا محفوظ رہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت