پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 2 اہم کارندے گرفتار

قومی خبریں
کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 2 اہم کارندے گرفتار

کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور دستی بم برآمد کرلیے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں کالعدم تنظیم سندھودیش لبریشن آرمی کی جانب سے عسکری تربیت فراہم کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور رینجرز کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی نگرانی اور ریکی کے بعد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت