پاکستان کی سفارتی کوششوں سے عالمی سطح پر ملک کا پُرامن تشخص اجاگر ہوا ہے: رانا ثنااللہ

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں اور آج دنیا اسے امن کے داعی ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے، جس کے باعث ملک کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ تحفظِ حرمین شریفین کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے اور مکہ معاہدہ حرمین شریفین اور پاکستان کے مشترکہ دفاع کی علامت ہے۔ دفاعِ حرمین شریفین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جبکہ پاکستان کا استحکام اور حرمین شریفین کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کا پُرامن تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششیں عالمی سطح پر قابلِ فخر ہیں اور تحفظِ حرمین شریفین کے لیے قوم کا متحد رہنا ضروری ہے۔
امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور سعودی عرب پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مکہ معاہدے اور ایران امریکا کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت