پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا میں فضائی سفر کا بحران، نظام مکمل بحال ہونے میں مزید وقت درکار

قومی خبریں
امریکا میں فضائی سفر کا بحران، نظام مکمل بحال ہونے میں مزید وقت درکار

واشنگٹن: امریکا میں فضائی سفر کا بحران بدستور برقرار ہے اور حکام نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آپریشن کو مکمل طور پر معمول پر لانے کے لیے مزید وقت لگ سکتا ہے کیونکہ مواصلاتی نظام میں خرابی نے سفر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام کی اپ گریڈیشن کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔ اس سنگین صورتحال کی وجہ سے پروازوں کی روانگی کو فوری طور پر روکنا پڑا جس سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سابقہ انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک خستہ حال نظام ورثے میں ملا ہے اور امریکا کے فرسودہ ایئر ٹریفک کنٹرول انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے کانگریس کو ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کرنا ہوں گے۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آپریشن کی بحالی کا عمل اتوار کے روز سے بہتر ہونا شروع ہو جائے گا، تاہم تمام پروازوں کا نظام پیر تک مکمل طور پر معمول پر آنے کا قوی امکان ہے جس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

شان ڈفی نے مزید کہا کہ تکنیکی خرابی کے باعث طیارے اور فضائی عملے کے ارکان اپنی مقررہ جگہوں سے ہٹ گئے تھے جنہیں دوبارہ شیڈول کے مطابق ترتیب دینے میں کافی وقت درکار ہے۔ اس بڑے بحران کے نتیجے میں ملک بھر میں لاکھوں مسافر اپنے سفر کے منتظر اور شدید کوفت میں مبتلا ہیں۔

واضح رہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کی خرابی نے امریکا میں فضائی نقل و حمل کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اور سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

حکام پروازوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو مزید پریشانی سے بچایا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت