مشرق وسطیٰ میں امریکی عسکری قوت میں اضافہ، تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز پہنچ گیا

واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر امریکا نے اپنی دفاعی پوزیشن مضبوط کرتے ہوئے جوہری توانائی سے چلنے والا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ سینٹرل کمانڈ کے آپریشنل علاقے میں تعینات کر دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس نئے اضافے کے ساتھ خطے میں امریکی اسٹرائیک گروپس کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
امریکی عہدیداروں نے اس اہم پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روزویلٹ کی آمد کا مقصد خطے میں امریکی مفادات کا تحفظ اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینا ہے۔
نیویارک ٹائمز سمیت عالمی میڈیا نے اس بحری جہاز کی آمد کو خطے میں جاری کشیدگی کا اہم موڑ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ خطے میں کشیدگی کا یہ نیا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ایران کی جانب سے بحرین میں امریکی ہیلی کاپٹر اڈے کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ یہ واقعہ کئی ہفتوں کے تعطل کے بعد خلیجی خطے میں ایران کی جانب سے پہلا براہ راست عسکری اقدام سمجھا جا رہا ہے۔
ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 5 نامعلوم بحری جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی ایک آئل ٹینکر پر حملے کی تصدیق کی ہے، تاہم اس میں عملہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس کشیدگی کےد وران سفارتی محاذ پر کوششیں بھی جاری ہیں اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ اپنے ہم منصب سے مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل تلاش کیا جا سکے۔ تاحال امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں کے بعد سے جنگ بندی پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
اہم بات یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رواں ہفتے ایشیا میں چین اور روس کے صدور سے ملاقات متوقع ہے۔ عالمی مبصرین ان ملاقاتوں کو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل اور عالمی طاقتوں کے درمیان اثر و رسوخ کی کشمکش کے تناظر میں انتہائی اہمیت دے رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت