بال ٹیمپرنگ اسکینڈل: سینڈ پیپر کے استعمال سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی واقف تھے، چیڈ سئیر کا انکشاف
آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر چیڈ سئیر نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے اور ڈریسنگ روم میں بھی اس معاملے پر گفتگو ہوتی تھی۔
چیڈ سئیر 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ انہوں نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ون ڈے سیریز کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی جھجک نہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی اس منصوبے سے واقف تھے۔
سابق فاسٹ بولر کے مطابق دو ٹیسٹ میچز میں سینڈ پیپر استعمال کیا گیا۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں واقعہ سامنے آنے کے بعد کھلاڑیوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اس بات پر گفتگو کی کہ اب آگے کیا کرنا ہے، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس معاملے پر اتنا سخت ردعمل سامنے آئے گا۔
چیڈ سئیر نے دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر پہلے ڈیوڈ وارنر کے حوالے کیا گیا اور بعد میں بین کرافٹ کو دیا گیا۔ ایک موقع پر فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے کے بعد انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کا حصہ نہیں تھے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے بھی اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ واقعے سے ٹیم کے بیشتر کھلاڑی آگاہ تھے۔ پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے ان کے دعوے مسترد کیے تھے، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے ان کی بات کی تائید کی تھی۔
یاد رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ سامنے آنے پر اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت