اسلامی تعلیمات صبر، برداشت، ہمدردی اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات صبر و برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں، جبکہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔
برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان رنگ، مذہب اور طبقۂ فکر کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ ملک کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری قوت اور قومی سرمایہ ہے، جبکہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت