اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کی سرکاری رہائش گاہ سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش برآمد
اسلام آباد میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کی سرکاری رہائش گاہ سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی لاش ملنے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ ذرائع کے مطابق پولیس افسر کی اہلیہ کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کم سن ملازمہ فاطمہ کی لاش پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں واقع ایک سرکاری رہائش گاہ سے برآمد ہوئی۔ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں، جس کے بعد واقعے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بچی کے والد کی درخواست پر ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں پولیس افسر کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات اور اس سے جڑے تمام پہلوؤں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کم سن ملازمہ کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ طبی معائنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت