پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا معمول کا انتظامی فیصلہ ہے، وزیر اطلاعات پنجاب

قومی خبریں

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کوئی غیر معمولی اقدام نہیں بلکہ معمول کا انتظامی معاملہ ہے۔ پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے زیر استعمال طیاروں کی دیکھ بھال اور فنی امور کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے، اس لیے پنجاب حکومت کے طیارے کی دیکھ بھال بھی اسی انتظام کے تحت دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے۔ اس معاملے کو بلاوجہ متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ پاک فضائیہ پہلے سے ہی اہم سرکاری شخصیات کے زیر استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کررہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے استعمال میں آنے والے طیاروں کی دیکھ بھال بھی پاک فضائیہ کے پاس ہے۔ ایسے میں پنجاب حکومت کے طیارے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی پاک فضائیہ کو دینا کسی نئی یا غیر معمولی روایت کا آغاز نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور حکومتی اقدامات کو دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر مریم نواز سوار ہیں،پنجاب کی ترقی مخالفین کے لیے مسلسل سیاسی بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور وہ حکومتی اقدامات پر تنقید کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ سرکاری طیاروں کی دیکھ بھال ایک اہم انتظامی اور تکنیکی معاملہ ہوتا ہے، جس میں طیارے کی فنی جانچ، مرمت، حفاظت اور پرواز کے قابل رہنے سے متعلق امور شامل ہوتے ہیں۔ پنجاب حکومت کے طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کیے جانے کے معاملے پر عظمیٰ بخاری کے بیان کے بعد یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں بھی زیر بحث ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت