قومی امتحان میں پہلی پوزیشن لینے والے امیدوار کا مصنوعی ذہانت سے نقل کرنے کا اعتراف
جنوبی کوریا میں قومی سطح کے ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت اور جدید برقی آلات کے ذریعے نقل کرنے کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہان نامی امیدوار نے رواں سال اپریل اور جولائی میں منعقد ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ تاہم اس کے غیر معمولی نتائج سامنے آنے کے بعد امتحانی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے اور کئی ماہ تک نقل کے الزامات زیر بحث رہے۔
امیدوار نے ابتدا میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود پر عائد ہونے والے شکوک و شبہات کی تردید کی تھی، تاہم اب اس نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری کردہ ویڈیو میں اعتراف کیا ہے کہ امتحان میں حاصل ہونے والی کامیابی اس کی اپنی قابلیت اور محنت کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ اس نے جدید برقی آلات اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے سوالات کے جوابات حاصل کیے تھے۔
ہان کے مطابق اس نے امتحانی مرکز میں ایک چھوٹے کیمرے کی مدد سے سوالات کی تصاویر بنائیں اور پھر تخلیقی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ان کے درست جوابات حاصل کیے۔ امیدوار نے اپنے طرز عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سیئول پولیس کو اس حوالے سے تحریری اعترافی بیان بھی جمع کرا چکا ہے۔
امتحانی نتائج سامنے آنے کے بعد ہان پر پہلے ہی یہ الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ اس نے سوالات کے جوابات حاصل کرنے کے لیے خاص قسم کے ذہین چشموں کا استعمال کیا ہے۔ ان خدشات کی بنیادی وجہ اس کے غیر معمولی نمبر تھے، کیونکہ اس نے امتحان کے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا جواب غلط دیا تھا۔
امیدوار کے وکیل نے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقل کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ کار کی مزید تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی جائیں گی، کیونکہ ایسا کرنے سے دوسرے امیدوار بھی اسی طریقے کو آزمانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
ہان نے اپنے اعترافی بیان میں اپنی ذاتی اور مالی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد اسے شدید مالی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ زیادہ آمدنی حاصل کرنا چاہتا تھا، جبکہ اچھی ملازمت ترک کرنے کے باعث والدین کو مایوس کرنے کا احساس بھی اس کے لیے ذہنی پریشانی کا سبب بنا ہوا تھا۔
جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کی بھرتیوں کے لیے قومی امتحان کا انعقاد ادارہ برائے ترقی انسانی وسائل کے تحت کیا جاتا ہے۔ ادارے کے مطابق امتحانی کارروائی کی نگرانی کے لیے مرکز میں 2 نگران بھی تعینات تھے، تاہم اس کے باوجود امیدوار جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نقل کرنے میں کامیاب رہا۔
واقعے کے بعد ادارے کے صدر لی بیونگ ہون نے پیش آنے والی صورتحال پر معذرت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اعتراف کرنے والے امیدوار کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرایا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی نظام کی ساکھ برقرار رکھنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا میں 19 نومبر کو جامعات میں داخلے کے لیے قومی امتحان منعقد ہونے والا ہے۔ ملک میں اس امتحان کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے اور طلبہ اس کی تیاری کے لیے اپنی زندگی کے کئی سال وقف کردیتے ہیں، اس لیے امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام اور نتائج کی شفافیت حکام کے لیے ایک اہم چیلنج بن چکی ہے۔
حالیہ عرصے میں جنوبی کوریا کی حکومت نے ذہین چشموں اور دیگر جدید برقی آلات کے ذریعے امتحانات میں نقل کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر نگرانی کا عمل سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدارتی دفتر کے مطابق حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ملک بھر میں قومی سطح پر منعقد ہونے والے امتحانات میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل کے مشتبہ واقعات کی جامع تحقیقات کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں حکومت نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں بھی اعلان کیا تھا کہ جامعات کے قومی داخلہ امتحان کے دوران ذہین چشموں یا نقل کے لیے استعمال ہونے والے دیگر جدید آلات کے ساتھ پکڑے جانے والے طلبہ کے خلاف فوجداری شکایات درج کرائی جائیں گی۔ حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی روک تھام اور امتحانی نظام پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت