پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عام بھول چوک اور سنگین ذہنی کمزوری میں فرق کیسے پہچانیں؟

قومی خبریں

روزمرہ زندگی میں چھوٹی چھوٹی باتیں بھول جانا اکثر لوگوں کے ساتھ پیش آنے والا معمول کا واقعہ ہے، مثلاً چابیاں کہیں رکھ کر بھول جانا یا کسی شناسا شخص کا نام یاد نہ آنا۔ تاہم بعض اوقات یہی بھولنے کی عادت انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کردیتی ہے کہ آیا یہ محض ذہنی تھکن اور غفلت کا نتیجہ ہے یا کسی سنگین دماغی عارضے کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

ماہرینِ صحت نے واضح کیا ہے کہ معمولی بھولنے اور یادداشت میں ایسی خرابی کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے جو طبی توجہ کی متقاضی ہو۔ ان کے مطابق ہر بات بھول جانا کسی بیماری کی نشاندہی نہیں کرتا، تاہم جب یادداشت کی کمزوری مستقل ہونے لگے اور معمولاتِ زندگی متاثر کرے تو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

ماہرِ اعصاب کے مطابق انسانی دماغ یادداشت کو کسی ویڈیو کی طرح محفوظ نہیں کرتا کہ بعد میں ہر واقعے کو بالکل اسی شکل میں دوبارہ دیکھا جاسکے۔ کسی بھی معلومات کو یاد رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان پہلے اس پر مناسب توجہ دے، اسے سمجھنے کے بعد دماغ میں محفوظ کرے اور ضرورت پڑنے پر اسے دوبارہ یادداشت سے حاصل کرسکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر لوگ جن واقعات کو یادداشت کی خرابی تصور کرتے ہیں، ان کی اصل وجہ معلومات کو محفوظ کرنے کے مرحلے میں توجہ کی کمی ہوتی ہے۔ ذہنی دباؤ، تھکن، پریشانی، ذہنی انتشار اور بیک وقت کئی کاموں میں مصروف رہنے کی عادت دماغ کی معلومات محفوظ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں انسان معمولی باتیں بھی بھولنے لگتا ہے۔

اس کے علاوہ عمر میں اضافے کے ساتھ دماغ کی جانب سے محفوظ شدہ معلومات دوبارہ یاد کرنے کا عمل بھی نسبتاً سست پڑ جاتا ہے۔ ناکافی نیند، بے چینی، الکوحل کا حد سے زیادہ استعمال، بعض ادویات کے مضر اثرات اور جسم میں وٹامنز کی کمی بھی یادداشت کی کارکردگی کو متاثر کرنے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق کبھی کبھار کسی کا نام، کوئی چیز رکھنے کی جگہ یا روزمرہ کا کوئی معمولی کام بھول جانا تشویش کی بات نہیں، کیونکہ یہ انسانی دماغ کے معمول کے کام کرنے کے عمل کا حصہ ہے۔ تاہم جب یہ کیفیت بار بار پیش آنے لگے اور وقت کے ساتھ اس کی شدت میں اضافہ ہونے لگے تو اس پر توجہ دینا ضروری ہوجاتا ہے۔

یادداشت کی خرابی کی ایک اہم علامت اس وقت سامنے آتی ہے جب انسان کی بھولنے کی عادت اس کی معمول کی زندگی میں رکاوٹ بننے لگے۔ اگر کوئی شخص روزمرہ کے کام انجام دینے، دفتر کی ذمہ داریاں نبھانے یا اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ سماجی تعلقات برقرار رکھنے میں یادداشت کی کمزوری کے باعث مشکلات کا سامنا کرنے لگے تو یہ طبی معائنے کی ضرورت کا واضح اشارہ ہوسکتا ہے۔

ماہرین نے معمول کی بھول اور سنگین یادداشتی عوارض میں فرق سمجھاتے ہوئے بتایا ہے کہ عام طور پر انسان کوئی بات بھولنے کے بعد کچھ دیر میں خود اسے یاد کرلیتا ہے یا کسی دوسرے شخص کے یاد دلانے پر اسے فوراً ذہن میں لے آتا ہے۔ اس کے برعکس سنگین دماغی عوارض میں مبتلا افراد کو بعض اوقات اشارہ دینے یا تفصیلات یاد دلانے کے باوجود بھی متعلقہ واقعہ، نام یا معلومات یاد نہیں آتیں۔

ماہرین کے مطابق اس لیے یادداشت میں آنے والی ہر معمولی تبدیلی کو بیماری سمجھ کر پریشان ہونے کے بجائے اس کے تسلسل، شدت اور روزمرہ زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لینا چاہیے، جبکہ مسلسل بڑھتی ہوئی بھولنے کی کیفیت کی صورت میں طبی ماہر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت