پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی فوج کا ساتھ دینے والے خلیجی ممالک ایران کے جوابی حملوں کا ہدف بن سکتے ہیں: اسماعیل بقائی

قومی خبریں

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے کے بعض ممالک نے اپنی سرزمین پر قائم فوجی اڈے امریکہ کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی، جبکہ امریکی افواج کو میزائل، ڈرون اور جنگی طیاروں کے آپریشنز سمیت دیگر عسکری سرگرمیوں کے لیے رسد اور ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران کے پاس ایسے ٹھوس دستاویزی شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ بعض علاقائی ممالک نے امریکی فوجی کارروائیوں میں معاونت کی۔ ان کے مطابق یہ شواہد سفارتی ذرائع کے ذریعے متعلقہ ممالک کے حکام کے سامنے بھی پیش کیے جاچکے ہیں۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ان ممالک نے اپنی سرزمین پر موجود فوجی تنصیبات کو ایران کے خلاف امریکی حملوں کے لیے استعمال ہونے دیا اور امریکی فوج کو کارروائیوں کے سلسلے میں درکار رسدی معاونت اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کیں۔

ایرانی ترجمان نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے سے متعلق تہران کے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوابی کارروائیاں اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 51 کے تحت حاصل حقِ دفاع کے دائرے میں آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے دفاعی اقدامات کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی فوجی کارروائیوں کا مقصد خلیجی ممالک کی خودمختاری یا ان کی سرزمین کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ ان امریکی فوجی اڈوں اور عسکری تنصیبات کو ہدف بنانا ہے جہاں سے ایران کے خلاف حملے کیے جارہے ہیں۔ ان کے مطابق تہران کی کارروائیوں کا تعلق ان فوجی مراکز سے ہے جو امریکی افواج کی جانب سے ایران کے خلاف استعمال ہورہے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا اور اس معاملے پر اپنا مؤقف متعلقہ حکومتوں تک پہنچاتا رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تہران اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب بحرین نے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں محض ایک بہانہ قرار دیا ہے۔ بحرینی مؤقف کے مطابق ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی کسی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بحرین پر ایران کے مبینہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔ ان واقعات پر امریکہ، سعودی عرب اور متعدد دیگر ممالک نے بھی ایران کے حملوں کی مذمت کی ہے، جس کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی کی صورتحال اور علاقائی کشیدگی پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت