حوثیوں کے دباؤ پر یمنی حکومتی فوج کا باب المندب سے انخلا، عدن پر قبضے کا خطرہ
صنعا: یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف برسرپیکار حکومتی فورسز نے آبنائے باب المندب کے قریب واقع علاقوں سے پیچھے ہٹنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کی تمام تر توجہ جنوبی شہر عدن میں اپنے مرکزی فوجی اڈے اور اہم تنصیبات کے دفاع پر مرکوز ہوگی۔ حکومتی فورسز کے اس فیصلے کو حوثیوں کے خلاف جاری فوجی مہم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے جبکہ اس سے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کی حکومتی کوششوں کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی حکومت کی اتحادی تنظیم سدرن آرمڈ فورسز نے تصدیق کی ہے کہ اس کے فوجی آبنائے باب المندب کے ساتھ واقع علاقوں سے نکل چکے ہیں، موجودہ صورت حال کے پیش نظر فوجی حکمت عملی تبدیل کی گئی ہے اور اب عدن شہر کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
باب المندب کے قریب سے حکومتی فورسز کا انخلا ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی جنگجوؤں نے ستمبر میں تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے آبنائے اور اس کے اطراف کے اہم علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد حکومتی اتحاد نے سعودی عرب کی حمایت سے جوابی کارروائی شروع کی تھی، جس کا مقصد بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں کو حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرانا تھا۔
گزشتہ ماہ حکومتی فورسز نے فوجی کارروائی کے دوران آبنائے باب المندب کے اطراف متعدد اہم مقامات، خصوصاً ذباب کا کنٹرول تیزی سے واپس حاصل کرلیا تھا،حکومتی دستے حوثیوں کو پورے علاقے سے مکمل طور پر نکالنے اور ساحلی شہر المخا کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ اس ناکامی نے حکومتی اتحاد کی فوجی پیش قدمی کو محدود کردیا۔
دوسری جانب حوثی جنگجوؤں نے حکومتی کارروائیوں کے جواب میں سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملوں میں شدت پیدا کردی جبکہ عدن کے شمال میں واقع پہاڑی علاقوں میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کرتے ہوئے نمایاں پیش قدمی کی۔ اکتوبر کے اوائل میں حوثیوں نے تعز شہر کے رابطے منقطع کرکے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرنے والے مختلف اتحادی فوجی دستوں پر دباؤ مزید بڑھا دیا تھا۔
فوجی ذرائع کے مطابق تعز کے اطراف حوثیوں کی مسلسل پیش قدمی نے باب المندب کے قریب حکومتی فورسز کی کارروائیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ تعز شہر کے جنوب میں واقع پہاڑی علاقوں میں حوثی جنگجو صوبہ لحج کے ضلع طور الباحہ کے قریب تعینات ہیں، جو عدن سے تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس علاقے میں حوثیوں کی موجودگی کو عدن کی سلامتی کے لیے بھی ایک اہم خطرہ سمجھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد 2015 سے یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت جنوبی شہر عدن میں اپنا مرکز قائم کیے ہوئے ہے۔ عدن نہ صرف حکومتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے بلکہ فوجی اور سیاسی اعتبار سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت