پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں 234 پارک بحال، 43 سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنائی، منعم ظفر

قومی خبریں
جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں 234 پارک بحال، 43 سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنائی، منعم ظفر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کررہے ہیں۔ گزشتہ 3 سال کے دوران جماعت اسلامی نے کراچی کے 9 ٹاؤنز میں 234 پارک بحال کیے، 43 سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنائی، 20 کلینکس اور میڈیکل سینٹرز قائم کیے جبکہ مختلف علاقوں میں ایک لاکھ 56 ہزار اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ جماعت اسلامی بلا رنگ، نسل اور زبان عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

منعم ظفر خان نے گوٹھ میں ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس بچھانے، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور 650 فٹ طویل پانی کی لائن کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر کارکنان اور اہل محلہ نے شاندار استقبال کیا، جبکہ علاقے کے معززین نے انہیں سندھی اجرک پیش کی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

منعم ظفر خان نے کونسلر طارق نواز جوکھیو، سماجی رہنما طارق مٹھو، ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کو ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے کشمور تک گوٹھوں میں ترقیاتی کام کرانے کی صلاحیت صرف جماعت اسلامی رکھتی ہے۔ رحیم خان جوکھیو گوٹھ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے جارہے ہیں جبکہ اس سے قبل علاقے میں سیوریج کا مسئلہ بھی حل کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان کی تکمیل کا عملی آغاز کردیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو ایک روپیہ بھی ترقیاتی فنڈ فراہم نہیں کیا، اس کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے اپنے وسائل اور دستیاب اختیارات سے بڑھ کر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی خدمت، امانت، دیانت اور ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کا نام ہے۔

منعم ظفر خان نے ہفتے کی شب ٹی ایم سی گلشن اقبال کے تحت گلزار ہجری بلاک 4/2، میٹروول کالونی نمبر 3، یوسی 6 میں ماڈل محلے اور شہید عبدالرحمن (مانی) فیملی پارک کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر، ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد اور ناظم علاقہ نبیل فاروقی سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ 3 دنوں کے دوران گلشن اقبال ٹاؤن میں 5 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے، جو جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی عوامی خدمت کے عزم کا اظہار ہے۔ شانتی نگر میں میڈیکل سینٹر قائم کیا گیا ہے، حالانکہ یہ یوسی جماعت اسلامی کے پاس نہیں ہے۔ یہاں صرف 5 روپے فیس میں شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، عوامی خدمت کسی سیاسی وابستگی یا انتخابی مفاد کی محتاج نہیں ہونی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے حوالے سے بتایا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں سے 43 سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ان اسکولوں میں طلبہ کی مجموعی رجسٹریشن میں 40 فیصد اضافہ ہوا جبکہ صرف گلشن اقبال کے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافے کی شرح 110 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان سے تعلیم کا حق چھیننا ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے ساڑھے 7 سو سرکاری اسکول غیر سرکاری تنظیموں کے حوالے کردیے ہیں جبکہ جماعت اسلامی سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے۔

منعم ظفر خان نے مزید بتایا کہ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے 20 کلینکس اور میڈیکل سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ سمن آباد میں گزشتہ ایک سال کے دوران 38 ہزار سے زائد افراد ان بنیادی طبی سہولتوں سے مستفید ہوچکے ہیں۔ اسی طرح شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 9 ٹاؤنز میں ایک لاکھ 56 ہزار اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی ہیں، تاکہ گلیوں اور محلوں کو روشن کیا جاسکے۔

کراچی کے شہری مسائل کا ذکر کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ 18 سال سے صوبے میں برسراقتدار حکومت شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے جبکہ بی آر ٹی ریڈ لائن گزشتہ 5 سال سے مکمل نہیں ہوسکی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی کے عوام ان تمام مسائل کا جواب صوبائی حکومت سے مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام شہریوں کی جماعت ہے اور اس کا مقصد رنگ، نسل، زبان اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کرنا ہے۔ شہری جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ گوٹھوں، گلیوں اور محلوں کو بہتر بناکر کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

منعم ظفر خان نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے ٹیکسوں کی ایک ایک پائی کا حساب رکھتے ہیں اور یہ رقم عوام ہی پر خرچ کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو جماعت اسلامی کے ترقیاتی کاموں سے پریشانی لاحق ہورہی ہے، ہم انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ کام کے میدان میں مقابلہ کریں، جماعت اسلامی اس کا خیرمقدم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور کراچی کی میئرشپ بھی گزشتہ 3 سال سے اسی جماعت کے پاس ہے لیکن شہر کے بنیادی مسائل اور شہری سہولتوں کی صورت حال سب کے سامنے ہے، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی، تعلیمی اور طبی منصوبوں کے ذریعے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت