پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میامی ایئرپورٹ پر دو بوئنگ طیارے آپس میں ٹکرا گئے، 2 افراد زخمی

قومی خبریں

میامی: امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی عارضی بندش کے صرف ایک روز بعد میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2 مسافر اور کارگو طیارے آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں یو پی ایس کے بوئنگ 767 طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا اور اس کے بیرونی پینلز میں بڑا شگاف پڑ گیا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق حادثہ ہفتے کی رات اس وقت پیش آیا جب کوپا ایئرلائنز کا بوئنگ 737 طیارہ رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے یو پی ایس کے بوئنگ 767 کارگو طیارے کے اگلے حصے سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے وقت دونوں طیارے ایئرپورٹ کے رن وے پر موجود تھے۔

میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر برائے ابلاغ گریگ چن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ واقعے میں 2 افراد زخمی ہوئے، ان کے زخم معمولی نوعیت کے تھے۔

حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ کی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں یو پی ایس کے کارگو طیارے کے اگلے حصے کو بری طرح متاثر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ طیارے کے بیرونی حصے کے پینلز میں ایک بڑا شگاف بھی پڑ گیا ہے۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے حادثے کی تفصیلات اور اسباب کا جائزہ لینا شروع کردیا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت کوپا ایئرلائنز کی پرواز پاناما سٹی سے میامی پہنچی تھی جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے روانگی کی تیاری کررہا تھا۔ اسی دوران دونوں طیارے ٹکرا گئے۔

واضح رہے کہ امریکا میں جمعے کے روز فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پروازوں کی ملک گیر عارضی بندش کے بعد مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کرنے اور معمول کے مطابق پروازوں کی آمدورفت یقینی بنانے کی کوششیں جاری تھیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت