رقم بچانا مشکل لگتا ہے؟ بچت بڑھانے کے آسان اور مؤثر طریقے جانیں

مالی طور پر خوشحال زندگی گزارنے کے لیے صرف زیادہ آمدنی حاصل کرنا کافی نہیں ہوتا بلکہ اپنی کمائی کو درست انداز میں خرچ کرنا اور اس میں سے باقاعدگی سے کچھ رقم محفوظ کرنا بھی ضروری ہے۔ جس طرح صحت مند رہنے کے لیے متوازن غذا اور ورزش کو معمول بنانا پڑتا ہے، اسی طرح مالی استحکام حاصل کرنے کے لیے بھی روزمرہ زندگی میں چند ایسی عادات اپنانا ضروری ہیں جو غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور بینک اکاؤنٹ میں جمع رقم بڑھانے میں مدد فراہم کرسکیں۔
ماہرین مالیات کے مطابق کامیاب بچت کا انحصار کسی ایک بڑے فیصلے پر نہیں بلکہ روزانہ کیے جانے والے چھوٹے چھوٹے اقدامات پر ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی آمدنی اور اخراجات کے درمیان توازن قائم کرنا سیکھ لے تو محدود آمدنی کے باوجود مستقبل کے لیے مناسب رقم جمع کرسکتا ہے۔
مالی طور پر مضبوط ہونے اور بچت کی عادت پیدا کرنے کے لیے درج ذیل اقدامات مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
بچت کا آغاز آج ہی سے کریں
بہتر مالی مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے کسی خاص وقت یا بڑی آمدنی کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر بچت شروع کردینی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق جو افراد کم عمری سے رقم محفوظ کرنے کی عادت اپنا لیتے ہیں، انہیں مستقبل میں مالی مشکلات سے نمٹنے میں نسبتاً آسانی رہتی ہے۔
اگر اب تک بچت شروع نہیں کی تو بھی دیر نہیں ہوئی، اپنی آمدنی کے مطابق کوئی مناسب منصوبہ منتخب کرکے اس پر عمل درآمد شروع کیا جاسکتا ہے۔ ابتدا میں معمولی رقم جمع کرنا بھی وقت گزرنے کے ساتھ ایک بڑی بچت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
ریٹائرمنٹ کے لیے رقم مختص کریں
مستقبل میں مالی خودمختاری برقرار رکھنے کے لیے ملازمت کے دوران ہی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کی منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے۔ مالیاتی مشیر عام طور پر مشورہ دیتے ہیں کہ اپنی ماہانہ آمدنی کا 10 سے 15 فیصد حصہ ریٹائرمنٹ کے لیے مخصوص کھاتے میں جمع کیا جائے۔
اس طرح ملازمت کے اختتام یا آمدنی کا مستقل ذریعہ ختم ہونے کے بعد بھی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مالی وسائل دستیاب رہ سکتے ہیں۔
ضرورت اور خواہش میں فرق کرنا سیکھیں
بچت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ غیر ضروری خریداری اور خواہشات کو بنیادی ضروریات سمجھ لینا ہے۔ اکثر افراد نئے کپڑے خریدنے، سیاحت کرنے اور باہر کھانا کھانے کو اپنی ضرورت تصور کرتے ہیں، حالانکہ ان میں سے بیشتر اخراجات مؤخر کیے جاسکتے ہیں۔
مالی ماہرین کے مطابق بچت کرنے والے افراد اپنی ضروریات اور خواہشات کو الگ الگ رکھتے ہیں اور خریداری سے پہلے یہ طے کرتے ہیں کہ کون سا خرچ واقعی ضروری ہے۔ اس معمولی سی احتیاط سے ماہانہ اخراجات میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔
خودکار ادائیگیوں پر نظر رکھیں
موجودہ دور میں بجلی، گیس اور دیگر بلوں کے علاوہ مختلف خدمات کی ماہانہ فیس بھی خودکار طریقے سے بینک کھاتے سے منہا ہوجاتی ہے۔ اس سہولت سے وقت تو بچتا ہے، لیکن بعض اوقات افراد کو اپنے اخراجات کا مکمل اندازہ نہیں رہتا۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ خودکار ادائیگیوں کے باوجود ہر ماہ بینک کی تمام لین دین کا جائزہ ضرور لیا جائے تاکہ غیر ضروری رقوم کی کٹوتی یا غیر فعال خدمات کی فیس کی نشاندہی ہوسکے۔ اپنے اخراجات پر نظر رکھنے سے یہ سمجھنا بھی آسان ہوجاتا ہے کہ رقم کہاں اور کس مقصد کے لیے خرچ ہورہی ہے۔
نقد رقم سے ادائیگی کو ترجیح دیں
خریداری کے دوران بینک کارڈ کے بجائے نقد رقم استعمال کرنے سے اخراجات کا اندازہ برقرار رکھنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرتے ہوئے بعض افراد کو خرچ ہونے والی رقم کا فوری احساس نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی ضرورت سے زیادہ خریداری کر بیٹھتے ہیں۔
اس کے برعکس نقد ادائیگی میں جیب سے رقم نکلنے کا براہ راست احساس ہوتا ہے، جو غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ بچت کے خواہش مند افراد کو چاہیے کہ بلا ضرورت خریداری اور قرض کی بنیاد پر اخراجات کرنے سے گریز کریں۔
آمدنی ملتے ہی بچت الگ کرلیں
بچت کو ماہانہ بجٹ کا آخری حصہ بنانے کے بجائے اسے پہلی ترجیح دینا زیادہ مؤثر حکمت عملی ہے۔ عام طور پر افراد تنخواہ ملنے کے بعد پہلے تمام بل اور دیگر اخراجات ادا کرتے ہیں اور مہینے کے اختتام پر جو رقم باقی بچے اسے محفوظ کرنے کا سوچتے ہیں، لیکن اکثر ایسا ممکن نہیں ہوپاتا۔
ماہرین کے مطابق تنخواہ یا آمدنی موصول ہوتے ہی اس کا ایک مقررہ حصہ الگ کرلینا چاہیے اور باقی رقم سے گھر کے اخراجات پورے کرنے چاہییں۔ اس طریقے سے بچت مستقل معمول کا حصہ بن سکتی ہے۔
معمولی اخراجات کو بھی نظر انداز نہ کریں
روزمرہ زندگی میں چائے، کافی، ناشتے یا دیگر چھوٹی اشیا پر خرچ ہونے والی رقم بظاہر زیادہ محسوس نہیں ہوتی، لیکن مہینے کے اختتام پر یہی معمولی اخراجات ایک بڑی رقم بن سکتے ہیں۔
مالی طور پر محتاط افراد اپنے بجٹ میں چھوٹے سے چھوٹے خرچ کا بھی حساب رکھتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے روزانہ کی خریداری اور ادائیگیوں کا اندراج کیا جاسکتا ہے، جس سے غیر ضروری اخراجات کی نشاندہی اور ان میں کمی کرنا آسان ہوجاتا ہے۔
خریداری سے پہلے قیمتوں کا موازنہ کریں
کسی بھی چیز کی خریداری سے قبل مختلف دکانوں اور بازاروں میں اس کی قیمت معلوم کرنا مالی بچت کا مؤثر طریقہ ہے۔ بعض اوقات ایک ہی معیار کی چیز مختلف دکانوں پر مختلف قیمتوں میں دستیاب ہوتی ہے، اس لیے فوری خریداری کے بجائے مناسب قیمت تلاش کرنا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ صرف کم قیمت کو ترجیح دینے کے بجائے چیز کے معیار اور پائیداری کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ بعض مصنوعات ابتدا میں مہنگی ہوتی ہیں لیکن زیادہ عرصے تک استعمال ہونے کی وجہ سے طویل مدت میں کم خرچ ثابت ہوتی ہیں۔
آمدنی میں تبدیلی کے مطابق بجٹ بنائیں
زندگی میں اچانک رونما ہونے والے واقعات مالی حالات کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ملازمت ختم ہوجانا، بیماری، گھریلو مسائل یا شریک حیات سے علیحدگی جیسی صورت حال میں آمدنی اور اخراجات کا توازن بگڑ سکتا ہے۔
بچت کرنے والے افراد ایسے ممکنہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مالی منصوبوں میں تبدیلی کرتے رہتے ہیں۔ اگر آمدنی میں کمی واقع ہو تو غیر ضروری اخراجات محدود کرکے بنیادی ضروریات کو ترجیح دینا مالی مشکلات سے بچنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ہنگامی حالات کے لیے الگ رقم جمع کریں
زندگی میں غیر متوقع اخراجات کسی بھی وقت سامنے آسکتے ہیں، جن میں طبی علاج، بچوں کی بیماری، گھر کی مرمت یا دیگر فوری ضروریات شامل ہیں۔ اگر ایسے حالات کے لیے پہلے سے رقم محفوظ نہ ہو تو افراد کو قرض لینے یا اپنی جمع پونجی خرچ کرنے پر مجبور ہونا پڑسکتا ہے۔
ماہرین مالیات کے مطابق ہر شخص کے پاس اتنی رقم ضرور ہونی چاہیے جو کم از کم 3 سے 6 ماہ کے بنیادی اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی ہو۔ اس رقم کو روزمرہ خریداری کے بجائے صرف ہنگامی حالات کے لیے محفوظ رکھنا چاہیے۔
مستقبل کے خطرات کو مدنظر رکھیں
مالی منصوبہ بندی کرتے وقت صرف موجودہ ضروریات پر توجہ دینا کافی نہیں بلکہ مستقبل میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے۔ بڑھتی عمر، ملازمت کا غیر یقینی مستقبل، طبی اخراجات اور خاندانی ذمہ داریاں ایسے عوامل ہیں جو کسی بھی وقت مالی دباؤ بڑھا سکتے ہیں۔
اپنی حقیقی مالی صورت حال کا جائزہ لے کر ان خطرات کے مطابق بچت کا منصوبہ تیار کرنا ضروری ہے تاکہ مشکل وقت میں دوسروں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
آمدنی سے زیادہ خرچ کرنے سے گریز کریں
مالی استحکام کا بنیادی اصول یہ ہے کہ اخراجات کو اپنی آمدنی کے دائرے میں رکھا جائے۔ اگر کوئی شخص مسلسل اپنی کمائی سے زیادہ رقم خرچ کرتا رہے تو اس کے لیے بچت کرنا اور مالی طور پر آگے بڑھنا مشکل ہوجاتا ہے۔
اس مقصد کے لیے ماہانہ بجٹ ترتیب دینا، غیر ضروری خریداری سے گریز کرنا اور اپنی مالی استطاعت کے مطابق طرز زندگی اختیار کرنا ضروری ہے۔ آمدنی میں اضافے کے ساتھ اخراجات بڑھانے کے بجائے بچت کی رقم میں اضافہ کرنا زیادہ دانشمندانہ فیصلہ ہوسکتا ہے۔
بچت کو خودکار نظام کا حصہ بنائیں
جس طرح مختلف بلوں کی ادائیگی کے لیے خودکار نظام استعمال کیا جاتا ہے، اسی طرح ہر ماہ بچت کی رقم بھی خودکار طریقے سے الگ کھاتے میں منتقل کرنے کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے تنخواہ موصول ہونے کے بعد ایک مخصوص تاریخ اور رقم مقرر کرلیں، تاکہ ہر ماہ بغیر کسی اضافی کوشش کے بچت ہوتی رہے۔ اس طریقے سے رقم خرچ ہونے سے پہلے ہی محفوظ ہوجاتی ہے اور بچت میں باقاعدگی برقرار رہتی ہے۔
آمدنی بڑھانے کے نئے راستے تلاش کریں
صرف اخراجات کم کرنا ہی مالی طور پر مضبوط ہونے کا واحد طریقہ نہیں بلکہ آمدنی میں اضافہ بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر موجودہ تنخواہ سے ضروری اخراجات پورے کرنے کے بعد بچت ممکن نہیں ہوپارہی تو اضافی آمدنی کے ذرائع تلاش کرنے چاہییں۔
اپنے کسی ہنر یا مشغلے کو آمدنی کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے، مثلاً آن لائن مصنوعات تیار کرکے فروخت کرنا یا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مطابق اضافی کام کرنا۔ اسی طرح ملازمت میں ترقی اور تنخواہ بڑھانے کے مواقع تلاش کرنا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
نئی مہارتیں سیکھنے اور تعلیم میں اضافہ کرنے سے بہتر ملازمت اور زیادہ آمدنی کے امکانات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔
معمولی رقم سے بچت شروع کریں
بچت کے تمام اصول جاننے کے باوجود ان پر عمل کرنا بعض افراد کے لیے مشکل ہوتا ہے، خصوصاً اس وقت جب آمدنی محدود ہو اور اخراجات زیادہ ہوں۔ تاہم مالی ماہرین کے مطابق بچت شروع کرنے کے لیے بڑی رقم ہونا ضروری نہیں۔
ابتدا میں ہر ہفتے اپنی استطاعت کے مطابق تھوڑی سی رقم الگ رکھیں اور وقت کے ساتھ اس میں بتدریج اضافہ کرتے جائیں۔ چھوٹی مگر مستقل بچت بھی طویل مدت میں ایک معقول رقم کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مالی طور پر مستحکم ہونے کا راستہ اچانک بڑے فیصلے کرنے کے بجائے روزمرہ زندگی میں مستقل بنیادوں پر بہتر مالی عادات اپنانے سے ہموار ہوتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت