نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے کی کوششیں جاری ہیں، جلد پیش رفت ہوگی: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے اور امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں موجودہ تحفظات دور کرکے کسی متفقہ لائحہ عمل تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کرلی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کے معاملے پر سیاسی سطح پر مشاورت جاری ہے اور مختلف جماعتوں کو ایک مشترکہ مؤقف پر لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق جیسے ہی اس معاملے پر اتفاق رائے قائم ہوگا، ملک کی سیاسی صورت حال میں بھی تیزی سے تبدیلی آسکتی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی تشکیل سے کسی سیاسی جماعت کی سیاست کو خطرہ لاحق نہیں ہوگا بلکہ یہ پیش رفت پاکستان کے لیے خوش آئند ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام سیاسی جماعتیں قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر کسی قابل قبول حل تک پہنچ جائیں گی۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث شروع کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کبھی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ سیاسی بیانیے وقت اور حالات کے مطابق تبدیل ہوتے رہتے ہیں، تاہم نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کا باقاعدہ طریقہ کار کیا ہوگا، اس بارے میں انہیں فی الحال علم نہیں۔
انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ نئے سال میں ملک کو ایک نیا نظام بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جارہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران مختلف فریقوں کے تحفظات اتفاق رائے میں تبدیل ہونے کی امید ہے۔
سیاسی رابطوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آمادگی ظاہر کیے جانے کی صورت میں ان کے لیے بھی سیاسی مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں اور رابطوں کے دوران مثبت پیش رفت سامنے آرہی ہے اور سیاست دراصل ممکنات کا کھیل ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنما بھی نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے کوئی نہ کوئی قابل عمل راستہ ضرور نکل آئے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت