نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والے لسانی تقسیم چاہتے ہیں،وفاقی وزیر صحت

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم ہوگا اور اس حوالے سے دسمبر کا مہینہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ پاکستان اس وقت ایک اہم اور فیصلہ کن تاریخی موڑ پر کھڑا ہے اور ماضی میں دیکھے جانے والے خواب اب حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔
کراچی کے ضلع وسطی میں ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے اور اس حوالے سے عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم ہوگا۔ انہوں نے دسمبر کے مہینے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے مخالف عناصر شہر اور صوبے کی مختلف لسانی اکائیوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، اس معاملے کو لسانی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ نئے صوبوں کا قیام انتظامی ضروریات اور عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ انتظامی بنیادوں پر اختیارات اور وسائل کی تقسیم سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے، ملک میں ایسا انتظامی نظام ہونا چاہیے جس میں تمام علاقوں کے لوگوں کو یکساں حقوق، وسائل اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے ملک کے موجودہ سیاسی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو دفن کرنے کا وقت آگیا ہے، ملک میں مخصوص طبقوں کی بالادستی کے باعث عام شہریوں کے مسائل حل نہیں ہورہے اور عوام کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پورے سندھ کی نمائندہ جماعت نہیں ہے۔ انہوں نے سندھی قوم پرستوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھی قوم پرست سندھی قوم کے بھی دشمن ہیں۔
انہوں نے کارکنان اور ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ موجودہ سیاسی صورت حال میں اپنا کردار ادا کریں اور عوام تک اپنا مؤقف پہنچائیں، نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محض سیاسی نعرہ نہیں بلکہ ملک کے انتظامی ڈھانچے اور عوامی مسائل سے جڑا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ پاکستان میں ایک عرصے سے سیاسی بحث کا حصہ ہے۔ اس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے مؤقف میں اختلاف پایا جاتا ہے جبکہ سندھ میں بھی اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مختلف آرا سامنے آتی رہی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت