اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مشروم سے تیار کشتی سمندر میں اتر گئی، 42 کلومیٹر کا منفرد سفر عالمی ریکارڈ بن گیا

قومی خبریں
مشروم سے تیار کشتی سمندر میں اتر گئی، 42 کلومیٹر کا منفرد سفر عالمی ریکارڈ بن گیا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک فنکار نے غیر معمولی تجربہ کرتے ہوئے مشروم سے تیار کردہ کشتی میں 42.43 کلومیٹر کا سمندری سفر مکمل کرلیا۔

اس کامیابی کے بعد ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوگیا۔ یہ مہم اس اعتبار سے منفرد تھی کہ کشتی کی تیاری میں روایتی لکڑی، پلاسٹک یا دھات کے بجائے کھمبیوں سے حاصل ہونے والا قدرتی مادہ استعمال کیا گیا تھا۔

لاس اینجلس کے رہائشی سیم شو میکر نے اگست 2025 میں یہ سفر انجام دیا۔ وہ کیٹالینا جزیرے سے روانہ ہوئے اور امریکی سرزمین پر واقع کابریلو بیچ تک پہنچے۔ اس مہم کے لیے انہوں نے 12 فٹ طویل کیاک تیار کی تھی، جس کی ساخت مکمل طور پر مخصوص قسم کے مائیسیلیم سے بنائی گئی تھی۔

سیم شو میکر نے سمندر میں مسلسل تقریباً 12 گھنٹے گزارنے کے بعد اپنا سفر مکمل کیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہیں مائیسیلیم سے تیار کردہ کشتی میں تنہا سب سے طویل فاصلہ طے کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ 42.43 کلومیٹر کی یہ مسافت ان کے طویل تجربات اور منفرد تخلیقی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ تھی۔

شو میکر گزشتہ دس برس سے زیادہ عرصے سے کھمبیوں اور پھپھوندی کی مختلف اقسام پر تحقیق اور تجربات کررہے ہیں۔ ان کی دلچسپی صرف ان جانداروں کی حیاتیاتی خصوصیات تک محدود نہیں بلکہ وہ ان کی مدد سے مختلف اشکال کے مجسمے اور فن پارے بھی تخلیق کرتے ہیں۔ مائیسیلیم کو مختلف صورتوں میں ڈھالنے کے تجربات ان کے کام کا اہم حصہ ہیں۔

مائیسیلیم پھپھوندی کا جڑوں جیسا باریک جال ہوتا ہے، جو مختلف سمتوں میں پھیل کر ایک قدرتی ساخت تشکیل دیتا ہے۔ فنکار اسی قدرتی مادے کو استعمال کرتے ہوئے ایسی اشیا بنانے کے امکانات تلاش کررہے ہیں جنہیں مستقبل میں روایتی صنعتی مواد کی جگہ استعمال کیا جاسکے۔

ان کی تحقیق کا بنیادی مقصد مائیسیلیم کو پلاسٹک اور تعمیراتی شعبے میں استعمال ہونے والے غیر قابلِ تجدید مواد کے ماحول دوست متبادل کے طور پر متعارف کرانے کی صلاحیت جانچنا ہے۔

مشروم سے بنی کشتی میں کامیاب سمندری سفر نے اس تحقیق کو ایک نمایاں عملی مثال فراہم کی ہے اور قدرتی وسائل سے نئی مصنوعات تیار کرنے کے امکانات کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت