صدر آصف زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ملاقات: ملکی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو اپنے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز میں شرکت سے متعلق آگاہ کیا۔ جبکہ ملاقات میں ملک میں معاشی استحکام کے فروغ اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
صدرمملکت اور وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت