اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبر پختونخوا میں 4 کروڑ عوام کیلیے صرف 8 ہزار ڈاکٹر، 200 سے زائد طبی مراکز بند

قومی خبریں
خیبر پختونخوا میں 4 کروڑ عوام کیلیے صرف 8 ہزار ڈاکٹر، 200 سے زائد طبی مراکز بند

پشاور: خیبر پختونخوا کی 4 کروڑ سے زائد آبادی کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے، جہاں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پورے صوبے میں صرف 8 ہزار 24 ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس تناسب سے صوبے میں ہر 5 سے 6 ہزار افراد کے لیے صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہے جبکہ 200 سے زائد مختلف نوعیت کے سرکاری طبی مراکز غیر فعال پڑے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں بستروں کی شدید کمی بھی مریضوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں صحت کے شعبے سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹ میں طبی سہولتوں، ڈاکٹروں کی دستیابی اور اسپتالوں کی گنجائش کے حوالے سے اہم اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں، صوبے کی 4 کروڑ سے زائد آبادی کے مقابلے میں ڈاکٹروں کی تعداد انتہائی محدود ہے، جس کے باعث سرکاری اسپتالوں اور طبی مراکز پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد سرکاری طبی مراکز مختلف وجوہات کی بنا پر غیر فعال ہیں۔ ان مراکز کی بندش یا غیر فعالیت کے باعث مقامی آبادی کو علاج معالجے کے لیے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف مریضوں کو طویل سفر کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بڑے سرکاری اسپتالوں پر بھی مریضوں کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔

سرکاری اسپتالوں میں بستروں کی کمی بھی صحت کے شعبے کا ایک اہم مسئلہ قرار دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں اس وقت مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بستر دستیاب ہیں، جبکہ موجودہ آبادی اور طبی ضروریات کے مطابق تقریباً 64 ہزار بستروں کی ضرورت ہے۔ اس طرح دستیاب بستروں اور مطلوبہ تعداد کے درمیان بڑا فرق موجود ہے۔

بستروں کی اس کمی کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کو داخل کرنے، علاج کی سہولت فراہم کرنے اور مختلف شعبوں میں طبی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ بالخصوص بڑے شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اضافی بستروں اور طبی عملے کی ضرورت مزید اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

دوسری جانب مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے کے طبی نظام میں بہتری لانے کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی اور سرکاری اسپتالوں کا آڈٹ بھی کرایا جائے گا تاکہ ان کی کارکردگی اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے مزید بتایا کہ صحت کارڈ پروگرام میں موجود خامیوں کو دور کرکے اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پروگرام کے طریقہ کار اور سہولتوں کا جائزہ لے کر ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ مستحق افراد کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں بہتری لائی جاسکے۔

صوبے میں ڈاکٹروں کی محدود تعداد، غیر فعال طبی مراکز اور اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیش نظر صحت کے شعبے میں اصلاحات، طبی عملے کی دستیابی اور بنیادی مراکز صحت کو فعال بنانا اہم چیلنجز ہیں، آڈٹ اور قانون میں ترامیم کے عملی نتائج سامنے آنے کے بعد ہی اندازہ ہوسکے گا کہ ان اقدامات سے عوام کو علاج معالجے کی سہولتوں میں کس حد تک بہتری ملتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت