اگر امریکا نے دوبارہ غلطی کی تو میدانِ جنگ کا فیصلہ ایران کرے گا: باقر قالیباف

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تہران اب جنگ اور امن کے درمیان غیر یقینی کیفیت کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور کسی بھی معاہدے کے لیے واشنگٹن کو ایران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے دوبارہ کوئی غلط قدم اٹھایا تو جنگ کے نتائج اس کی توقعات کے مطابق نہیں ہوں گے بلکہ میدان جنگ میں فیصلہ ایرانی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور عزم کی بنیاد پر ہوگا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا مذاکرات کا راستہ اختیار کرتا ہے یا دوبارہ جنگ کی طرف جاتا ہے، ایران کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تہران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط ایرانی عوام کی قربانیوں، استقامت اور جدوجہد کا نتیجہ ہیں اور ان پر عمل درآمد کے بغیر کسی بھی معاہدے کی گنجائش پیدا نہیں ہوسکتی۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی قیادت کو متنبہ کیا کہ کسی بھی نئی غلطی کی صورت میں اس کے اثرات محض ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس تنازع میں شامل دیگر فریق بھی اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اب اپنی شرائط اور قومی مفادات کو نظر انداز کرکے کسی فیصلے کا حصہ نہیں بنے گا۔
محمد باقر قالیباف نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات پر بھی سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے ان کے طرزِ گفتگو کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی زبان امریکی مایوسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکاٹ بیسنٹ جیسے امریکی عہدیداروں کو بڑی قوموں کے بارے میں توہین آمیز گفتگو کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی تزویراتی ناکامیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ قالیباف نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام دھمکیوں کے خدشے کے باعث اپنے گھروں سے نکل کر فوجی پناہ گاہوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے بیان نے بھی اس معاملے کو مزید اہمیت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک کو جنگ اور امن کے درمیان موجود غیر یقینی کیفیت سے باہر نکالا جائے۔
ایرانی قیادت کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کو اپنی مقرر کردہ شرائط سے مشروط رکھنا چاہتا ہے، جبکہ امریکی مؤقف اور آئندہ اقدامات اس معاملے میں اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت