اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے کی تیاری، میئر انتظامی سربراہ ہوگا

قومی خبریں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامی اور جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت یا مثالی انتظامی یونٹ بنانے کی تجویز زیر غور ہے،وفاقی دارالحکومت کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا، جبکہ نئے انتظامی یونٹ کے منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور دارالحکومت کی جغرافیائی حدود میں توسیع کے حوالے سے منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اسلام آباد کو ایک الگ اور خصوصی انتظامی یونٹ کی حیثیت دینا ہے، جس کے تحت مقامی انتظامی امور چلانے کے لیے منتخب نمائندوں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ انتظامی ڈھانچے میں میئر کو اسلام آباد کا انتظامی سربراہ بنانے کی تجویز شامل ہے۔ اس کے علاوہ نئے انتظامی یونٹ کے لیے 25 سے 30 منتخب ارکان رکھنے پر غور کیا جارہا ہے، جو دارالحکومت کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کریں گے۔ تاہم منتخب ارکان کی حتمی تعداد اور ان کے اختیارات کے حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے کا ایک اہم پہلو اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع بھی ہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور کے بعض علاقوں کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح راولپنڈی کے بعض علاقوں کو بھی اسلام آباد کی حدود کا حصہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلع مری کے حلقہ این اے 51 کے بعض علاقے بھی وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی تجویز کا حصہ ہیں۔ اگر اس منصوبے پر عمل درآمد کیا گیا تو اسلام آباد کی موجودہ جغرافیائی حدود میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے اور اس کے انتظامی دائرہ کار میں مزید علاقے شامل ہوجائیں گے۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی منصوبہ بندی میں گوادر اور دیگر بندرگاہوں کو بھی اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کی تجویز زیر غور آئی تھی، اب اس تجویز کو ترک کردیا گیا ہے۔ یوں نئے انتظامی یونٹ کا دائرہ بنیادی طور پر وفاقی دارالحکومت اور اس سے ملحقہ علاقوں تک محدود رکھنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

منصوبے کے حوالے سے تاحال حتمی قانونی اور انتظامی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس میں شامل علاقوں کی حدود، منتخب نمائندوں کے اختیارات، میئر کے عہدے کی ذمہ داریوں اور نئے انتظامی ڈھانچے کے نفاذ کا طریقہ کار طے ہونا باقی ہے۔ منصوبے کی حتمی منظوری اور باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ اسلام آباد کی انتظامی اور جغرافیائی حیثیت میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت