طالبان حکومت کا قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ نشریات بند کرنے کا حکم
قندھار: افغانستان میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باوجود طالبان حکام نے جنوبی صوبے قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز پر کرکٹ سے متعلق تمام قسم کی نشریات پر پابندی عائد کردی ہے۔ نئے حکم کے تحت ریڈیو اسٹیشنز نہ کرکٹ میچز کی کمنٹری کرسکیں گے، نہ کھیل سے متعلق خبریں نشر کرسکیں گے اور نہ ہی میچوں کے نتائج سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 براڈکاسٹرز اور ایک صوبائی ذریعے نے اس پابندی کی تصدیق کی ہے، طالبان حکومت کے صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ہفتے کے روز قندھار کے ریڈیو اسٹیشنز کو مطلع کیا کہ آئندہ کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر نہیں کیا جاسکے گا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ طالبان حکومت ماضی میں کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اس کھیل کو افغانستان میں مقبول بنانے کے حوالے سے بھی مختلف سرگرمیاں جاری رہی ہیں۔ طالبان حکام نے رواں سال اگست میں اپنے اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کے موقع پر کرکٹ میچز کا انعقاد بھی کیا تھا، اب قندھار میں اس کھیل کی ریڈیو نشریات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ایک ذریعے نے کرکٹ کی کوریج پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو اسٹیشنز کو کرکٹ میچوں کی کمنٹری، خبروں کی کوریج اور حتیٰ کہ میچوں کے نتائج نشر کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ذریعے نے پابندی کی وجوہات کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
قندھار کے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ نے بتایا کہ انہیں محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کال موصول ہوئی، جس میں واضح طور پر ہدایت کی گئی کہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کی جاسکتی، ریڈیو انتظامیہ کو حکام کے احکامات سے آگاہ کردیا گیا ہے اور ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
قندھار کے ایک دوسرے ریڈیو اسٹیشن کے منیجر نے بھی پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حکام نے فون کرکے ہدایت دی ہے کہ فی الحال کرکٹ سے متعلق ہر قسم کی نشریات بند کردی جائیں، ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ پابندی مستقل ہے یا عارضی طور پر نافذ کی گئی ہے۔
دوسری جانب افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکام نے بعض کھیلوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، مردوں اور لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت حاصل ہے۔ اس کے برعکس خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور جم جانے سے روک دیا گیا ہے، جبکہ ان کی عوامی زندگی میں شرکت پر بھی مختلف پابندیاں عائد ہیں۔
ادھر افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ قندھار میں کرکٹ کی نشریات پر پابندی کے فیصلے نے افغانستان میں کھیلوں کی کوریج اور ذرائع ابلاغ پر عائد انتظامی پابندیوں کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت