نوجوانوں میں تیزی سے پھیلتے کینسر کی اہم وجہ سامنے آگئی
بڑی آنت کا سرطان دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے امراض میں شامل ہے اور اس کا شمار سرطان کی عام ترین اقسام میں تیسرے نمبر پر ہوتا ہے۔ طبی اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے دوران دنیا بھر میں اس مرض کے 19 لاکھ سے زائد نئے مریض سامنے آئے تھے۔ اب ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں کا مسلسل استعمال بڑی آنت کے خلیات میں ایسی دیرپا تبدیلیاں پیدا کرسکتا ہے جو سرطان کے خطرے میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔
اس بیماری میں بڑی آنت اور مقعد کا آخری حصہ متاثر ہوتا ہے۔ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران 50 سال سے کم عمر افراد میں بھی بڑی آنت کے سرطان کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، تاہم اب تک اس رجحان کی وجوہات پوری طرح واضح نہیں ہوسکی تھیں۔ نئی تحقیق میں غذائی عادات کو اس مرض کے ممکنہ اسباب میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
ماضی میں ہونے والی مختلف تحقیقات میں بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ غیر صحت بخش خوراک، بالخصوص انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں اور سرخ و پراسیس شدہ گوشت کا زیادہ استعمال بڑی آنت کے سرطان کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ تاہم تازہ تحقیق میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ زیادہ چکنائی والی غذا انسانی جسم میں کس طرح کے حیاتیاتی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
محققین نے تجربات کے دوران چوہوں کو 6 ماہ تک مغربی طرز کی زیادہ چکنائی والی خوراک فراہم کی۔ مشاہدے سے معلوم ہوا کہ اس عرصے میں ان چوہوں کے جسمانی وزن میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ ان کی آنتوں میں موجود بنیادی خلیات کی افزائش بھی معمول سے کہیں زیادہ تیز ہوگئی۔
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے ان بنیادی خلیات کے وراثتی مادے (ڈی این اے) میں تبدیلیوں کی نشاندہی بھی کی۔ ان کے مطابق آنتوں کے یہ بنیادی خلیات ان اہم خلیات میں شامل ہیں جن میں غیر معمولی تبدیلیاں پیدا ہونے کے نتیجے میں رسولیوں کی تشکیل کا عمل شروع ہوسکتا ہے۔ جب خلیات کی معمول کی ساخت اور افعال متاثر ہوتے ہیں تو سرطان پیدا ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ چکنائی والی خوراک ترک کرنے کے بعد بھی اس کے تمام اثرات ختم نہیں ہوتے۔ محققین نے جب تجرباتی چوہوں کی غذا تبدیل کرکے انہیں کم چکنائی والی خوراک دینا شروع کی تو ان کے بنیادی خلیات کے افعال بتدریج معمول پر آنے لگے، تاہم ان کے ڈی این اے میں پیدا ہونے والی بعض تبدیلیاں برقرار رہیں۔
بعد ازاں جب انہی چوہوں کو دوبارہ زیادہ چکنائی والی غذائیں فراہم کی گئیں تو ان کی آنتوں کے خلیات نے غیر معمولی تیزی سے ردعمل ظاہر کیا۔ محققین کے مطابق یہ مشاہدہ خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی میں اختیار کی گئی غیر صحت بخش غذائی عادات کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں اور ایسی خوراک دوبارہ شروع کرنے سے سرطان کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے اگلے مرحلے میں یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ غذائی عادات اور طرز زندگی میں کن تبدیلیوں کے ذریعے خلیات کے ڈی این اے میں پیدا ہونے والے نقصانات کو واپس درست کیا جاسکتا ہے۔
محققین نے واضح کیا کہ چکنائی انسانی جسم کے لیے ایک ضروری غذائی جز ہے، اس لیے اسے مکمل طور پر خوراک سے خارج کرنا مناسب نہیں۔ اس کے بجائے صحت بخش چکنائی کے ذرائع کو ترجیح دینی چاہیے، جن میں زیتون کا تیل، گری دار میوے، دالیں اور مختلف اقسام کے بیج شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق متوازن غذا کے لیے بیریز، سیب، ناشپاتی اور مختلف سبزیوں کا استعمال بھی بڑھانا چاہیے، جبکہ انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں اور غیر صحت بخش چکنائی کے استعمال کو حتی الامکان محدود رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق صحت مند غذائی عادات اپنانا نہ صرف مجموعی صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ بڑی آنت کے سرطان سمیت متعدد بیماریوں کے خطرات کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت