اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یوکرین جنگ ختم کرنے کیلیے امریکی تجویز، نیٹو رکنیت کے عوض دونباس چھوڑنے کی پیشکش

قومی خبریں

کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ ابوظہبی میں روس کے ساتھ ہونے والے تازہ امن مذاکرات کے دوران امریکی مذاکرات کاروں نے یوکرین کو نیٹو کی رکنیت دینے کے بدلے مشرقی علاقے دونباس سے دستبردار ہونے کی تجویز پیش کی ہے، مذاکرات میں پہلی مرتبہ نیٹو کی رکنیت کو یوکرین کی علاقائی رعایتوں سے منسلک کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

یوکرینی صدارتی دفتر سے ہفتے کے روز جاری بیان کے مطابق صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ ابوظہبی میں ہونے والی بات چیت کے دوران امریکی نمائندوں نے یہ سوال اٹھایا کہ اگر یوکرین کو نیٹو میں شمولیت مل جائے تو کیا وہ اس کے بدلے دونباس کے علاقے سے اپنی فوجیں پیچھے ہٹانے پر آمادہ ہوگا؟

زیلنسکی نے اس تجویز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مذاکرات کاروں نے سوال کیا کہ اگر یوکرین نیٹو کا رکن بن جائے تو کیا ایسی صورت میں وہ دونباس سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہوگا؟ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیٹو کی رکنیت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے بیانات اور اشاروں کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ یہ معاملہ انتہائی مشکل نوعیت کی بات چیت کا تقاضا کرتا ہے۔ روس طویل عرصے سے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کرتا آیا ہے اور اسے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن متعدد مرتبہ واضح کرچکے ہیں کہ یوکرین کی نیٹو رکنیت ماسکو کے لیے سرخ لکیر ہے۔ روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے اسباب میں بھی نیٹو کی ممکنہ توسیع اور یوکرین کی مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کے معاملے کو شامل کیا تھا۔

دوسری جانب صدر زیلنسکی نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ یوکرین اپنے زیر قبضہ علاقوں سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں ہے، دونباس یوکرین کا علاقہ ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوگا۔

یوکرینی صدر نے مذاکرات میں ممکنہ لچک کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر یوکرین کو ایک جامع پیکج فراہم کیا جائے، جس میں مضبوط اور قابل اعتماد سیکیورٹی ضمانتیں، اپنی فوج کو مضبوط اور مالی طور پر مستحکم رکھنے کا حق اور جنگ سے تباہ ہونے والے ملک کی تعمیر نو کے لیے فنڈز شامل ہوں تو وہ اس معاملے کو قومی ریفرنڈم کے ذریعے عوام کے سامنے رکھنے پر غور کرسکتے ہیں۔

ان کے مطابق کسی بھی امن معاہدے میں یوکرین کی سلامتی اور مستقبل کے دفاعی تقاضوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے کیونکہ محض علاقائی سمجھوتے سے جنگ کے مستقل خاتمے کی ضمانت نہیں مل سکتی۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی نمائندے جیرڈ کشنر نے ہفتے کے روز کہا کہ رواں ہفتے ہونے والے مذاکرات میں روس اور یوکرین دونوں نے انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا، نجی ملاقاتوں اور گفتگو کے دوران دونوں فریق اس حقیقت کو سمجھتے ہیں کہ جنگ ختم کرنے کے لیے عملی سمجھوتے کرنا ہوں گے۔

جیرڈ کشنر کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذاکرات میں اختلافات کے باوجود فریقین کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے کے لیے بات چیت جاری ہے، دونباس کی علاقائی حیثیت، یوکرین کی نیٹو میں شمولیت اور مستقبل کی سیکیورٹی ضمانتیں اب بھی امن مذاکرات کے اہم اور پیچیدہ معاملات ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت